آسٹریلیا نے بچوں کے خلاف استحصال پر مبنی غیر قانونی مواد کی تحقیقات کے ایک معاملے میں ملکی آن لائن سیفٹی ایکٹ کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر 6لاکھ 10ہزار 500آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کر دیا۔
جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق آسٹریلیا کی ریگولیٹری اتھارٹی نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ ٹوئٹر مواد کی تحقیقات میں تعاون کرنے میں ناکام رہا ہے۔ٹوئٹر آسٹریلیا میں ایسا پہلا آن لائن پلیٹ فارم بن گیا ہے جس پر ملک کے آن لائن سیفٹی ایکٹ کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا۔
آسٹریلیا میں آن لائن سیفٹی پر نگاہ رکھنے کے ذمہ دارادارے ای سیفٹی کمیشن نے کہا کہ ٹوئٹر نے پوچھ گچھ کے متعلق کوئی جواب نہیں دیا،بالخصوص پلیٹ فارم پر بچوں کے ساتھ استحصال یا بدسلوکی کے مواد کی رپورٹس اور اس طرح کے مواد کی تحقیقات کے لیے استعمال کیے گئے طریقوں بارے سوالات کے جوابات نہیں دیے۔