امریکا کے صدارتی انتخابات میں فتح حاصل کرنے والا شخص 330 ملین سے زائد لوگوں پر حکومت کرے گا، لیکن یہ مقابلہ چند مخصوص ریاستوں میں موجود ہزاروں ووٹرز کے فیصلے پر منحصر ہے۔
امریکی رائے عامہ کے مطابق اس بار 50 میں سے صرف سات ریاستیں واقعی میں مقابلے میں ہیں جبکہ باقی تمام ریاستیں یا تو ڈیموکریٹک کا مضبوط قلعہ ہیں یا پھر رپبلکن کی مکمل گرفت میں ہیں ۔
ان سات ریاستوں میں سے پنسلوانیا سب سے بڑی اور اہم ریاست ہے جو فیصلہ کرے گی کہ آیا ڈیموکریٹ کاملا ہیرس یا ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ اگلے صدر ہوں گے۔ دونوں امیدواروں کی زیادہ تر انتخابی مہم اور اشتہارات انہی سات ریاستوں میں مرکوز ہیں۔
قومی مقبول ووٹ سے فیصلہ کیوں نہیں ہوتا؟
دیگر وفاقی عہدوں اور ریاستی دفاتر کے انتخابات کے برعکس، امریکی صدر کے انتخابات صرف مقبول ووٹ پر منحصر نہیں ہوتے۔ اس کے بجائے، ایک نظام کے تحت جسے الیکٹورل کالج کہا جاتا ہے، ہر ریاست کے نتائج کے مطابق اس کے الیکٹورل ووٹ دیے جاتے ہیں، جو زیادہ تر ریاست کی آبادی پر مبنی ہوتے ہیں۔
کامیابی کے لیے کسی بھی امیدوار کو 538 الیکٹورل ووٹوں میں سے 270 ووٹ حاصل کرنے ہوتے ہیں۔ 2016 میں، ٹرمپ نے الیکٹورل کالج میں فتح حاصل کی تھی جبکہ مجموعی قومی ووٹ میں ہار گئے تھے۔
کن ریاستوں کا مقابلہ سخت ہے؟
اس بار سات ریاستیں دونوں پارٹیوں کے درمیان جھول رہی ہیں: جن میں مشی گن، پنسلوانیا، وسکونسن، ایریزونا، جارجیا، نیواڈا اور نارتھ کیرولائنا شامل ہیں۔
مشی گن، پنسلوانیا اور وسکونسن ایک طویل عرصے سے ڈیموکریٹک "بلو وال" تصور کی جاتی تھیں، لیکن 2016 میں ٹرمپ نے یہاں کامیابی حاصل کرکے حیران کن جیت حاصل کی تھی۔ بعد میں، 2020 میں جو بائیڈن نے انہی ریاستوں میں دوبارہ فتح حاصل کی۔
پنسلوانیا کی اہمیت کیوں زیادہ ہے؟
پنسلوانیا میں 19 الیکٹورل ووٹ ہیں، جو کہ کسی بھی اہم ریاست میں سب سے زیادہ ہیں۔ اگر کاملا ہیرس یہ ریاست ہار جاتی ہیں تو انہیں جیتنے کے لیے نارتھ کیرولائنا یا جارجیا میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔
ٹرمپ یا ہیرس کے لیے جیتنے کی راہ کو ہموار کرنے کے لیےدونوں نے پنسلوانیا کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے۔ انتخابی مہموں نے پنسلوانیا میں اکتوبر 7 تک 279.3 ملین ڈالر کے اشتہارات پر خرچ کیے ہیں، جو کسی دوسری ریاست سے زیادہ ہے۔
نیبراسکا کے ایک ضلع کی طرف توجہ کیوں؟
نیبراسکا اور مین کی دو ریاستیں الیکٹورل ووٹ میں تقسیم کا اصول اپناتی ہیں۔ نیبراسکا کے دوسرے کانگریشنل ڈسٹرکٹ کا ایک الیکٹورل ووٹ اس انتخاب میں اہمیت رکھتا ہے۔
اگر کاملا ہیرس نے مشی گن، پنسلوانیا اور وسکونسن میں کامیابی حاصل کر لی اور ٹرمپ نے باقی چار میدان جیت لیے تو نیبراسکا کا یہ ووٹ ممکنہ طور پر انتخابات کے نتیجہ کا فیصلہ کر سکتا ہے۔