پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نہیں چھوڑوں گا، اسی لئے جیل کاٹ رہا ہوں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کو جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کے لئے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا ہے اس پر( ن ) لیگ کو بڑی امید تھی تاہم، فیصلے کے بعد دیکھتے ہیں کہ اب نواز شریف کیا بیانیہ بناتے ہیں۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ کی ترمیم کو سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے ساتھ نہیں لگا سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل میں اخبار اور ٹیلی ویژن کی سہولت نہیں دی جا رہی ہے اور جیل والا کھانا دیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کل سے پیٹ خراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل والے سہولیات کے حوالے سے کسی عدالت کا حکم نہیں مان رہے ہیں، مجھے ذاتی معالج سے علاج کی بھی سہولت نہیں دی جا رہی جبکہ سیل کے سامنے والی دیوار کو بھی تاحال نہیں ہٹایا گیا۔
اس موقع پر صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی نے آپ سے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے تجاویز مانگی ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا نہیں ایسا تو کچھ نہیں ۔
ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ رہیں گے یا چھوڑ دیں گے؟ جس پرانہوں نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گا جیل اسی لیے کاٹ رہا ہوں۔