تحریک انصاف کے رہنماصداقت عباسی نےپارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
صداقت عباسی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ 9مئی کےبعد سیاست میں رہناناممکن ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کابیانیہ اداروں کیخلاف تھا،9مئی کو جو کچھ ہوا اس کو میں اپنے کندھوں پر نہیں اٹھا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ7 مئی کو بشریٰ بی بی کی مشاور ت پر عمران خان نےایک زوم میٹنگ کی، عمران خان چاہتے تھے کہ میری گرفتاری پر بہت بڑا ری ایکشن آئے،جس سے ادارے پریشر میں آجائیںاورپریشر میں آکر کوئی ڈیل ہوجائے۔پہلے مزاحمت ہوگی بھر مفاہمت ، لیکن مزاحمت میں ہمارے ملکی اداروں کا امیج خراب ہوا۔
صداقت عباسی نے کہا کہ بڑی امیدوں کے ساتھ 2006 میں میں نے پی ٹی آئی جوائن کی لیکن میں آپکے شو میں پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں ،اورپی ٹی آئی نے شمالی پنجاب کا جو عہدہ دیا وہ بھی چھوڑتا ہوں۔
خیال رہے کہ نو مئی کے بعد روپوش تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی 7 اکتوبر کواپنے گھر پہنچے تھے ۔وہ نو مئی واقعات کےبعد سےمنظر عام سےغائب تھے، انہوں نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری لےرکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :۔نو مئی کے بعد روپوش پی ٹی آئی رہنما صداقت عباسی گھر پہنچ گئے
واضح رہےکہ نو مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رینجرز کی معاونت سے نیب کےہاتھوں گرفتاری پرتحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنان نے ملک بھر میں جلائو گھرائو شروع کر دیا تھا، اس دوران عسکری اور دیگر سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔
ان واقعات میں ملوث افرادکیخلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں،اور درجنوں افراد گرفتار ہیں ،جبکہ متعدد افراد کو فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیلئے حوالے کیا جاچکا ہے۔
اس کے علاوہ سول اور عسکری قیادت متعدد بارنومئی کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کر چکی ہے۔