ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سماجی ویب سائٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیاری مریم بی بی آپ کے قیمتی مشورے کاشکریہ ، سندھ حکومت کابرتاؤاچھا ہوتاتوہمیں آپ سےملنے کی کیا ضرورت تھی۔
سماجی ویب سائٹ ایکس پر مریم نواز کو جواب دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال کاکہناتھا کہ سندھ حکومت کابرتاؤ پچھلے پندرہ سال سےاچھا ہوتا تو آپ کے پاس نہ آتے۔ ہمیں کیاضرورت تھی کہ دوہزار چوبیس الیکشن سے چار ماہ قبل لاہورآتے، آپ کی پارٹی کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا۔ جس پرآج تک قائم ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہناتھا کہ انہوں نےپنجاب حکومت سےنہیں ریاست پاکستان کےسربراہ ویزراعظم شہباز شریف سےدرخواست کی،وزیراعظم سےدرخواست کی کہ خداراسندھ بالخصوص کراچی پررحم کریں،ہمیں بھی پاکستان میں برابرکاشہری سمجھ کرجینےکا حق دیں کیونکہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، ان کا مزید کہناتھا کہ گزشتہ کئی ماہ سےوزیراعظم سےملاقاتوں میں بارہاتوجہ دلائی،وزیراعظم نےسندھ کےشہریوں کیلئےآسانیاں پیدا کرنے کا وعدہ کیا،ہم صرف انہی وعدوں کی تکمیل کےمنتظرہیں۔
یاد رہے کہ مریم نوازشریف نے پنجاب میں بجلی کا فی یونٹ 14 روپے سستا کرنے پر مصطفیٰ کمال کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’پیارے مصطفی بھائی، پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے لیے پیسے دے کر لیا ہے اور اس کے لیے پنجاب نے اپنے بجٹ سے 45 ارب ادا کیے ہیں۔ مجھے خوشی ہو گی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں اور وہ بھی اپنے عوام کو یہ ریلف فراہم کریں، شکریہ۔‘‘