کراچی کی احتساب عدالت نے پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں نیب حکام کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرلی۔
کراچی کی احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے ۔ نیب حکام نے عدالت سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست کی ۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ہمارے لئے خوشی کا دن ہونا چاہئے،4 سال بعد نیب نے کہا ریفرنس واپس لیتے ہیں، جج صاحبہ نے اس کیس میں 4ملزمان کو بری کردیا، اسی عدالت میں ایک اور صاحب 12سال سے آرہے ہیں، یہ کرپشن کا کیس نہیں تھا صرف مس یوز آف اتھارٹی کا کیس تھا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی لوگوں پر مقدمات بنائے جاتے ہیں میں بھی یہ مقدمہ بھگتا رہا، ہائیکورٹ کے جج نے پوچھا ہیڈ لگانے کا اختیار کس کے پاس ہوتا ہے، جج صاحب نے فیصلے میں لکھا یہ کیس غلط ہے، جتنی جلدی نیب کو ختم کیا جائے ملک کےلیے اتنا بہتر ہوگا۔