بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی دو ٹیموں نے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی جس کے دوران ملزمان سے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بلگیری جیولری سیٹ سے متعلق گواہان سے حاصل تفصیلات کی بنیاد پر سوالات کئے گئے ۔
منگل کو بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سے تفتیش کے لئے نیب کی پہلی ٹیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر وسیم کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی ، ٹیم کی جیل آمد کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو تفتیش کے لیے بلایا گیا ۔
پہلی ٹیم تفتیش میں مصروف تھی کہ اسی دوران نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں دوسری ٹیم بھی تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئی ۔
دوسری ٹیم نے بھی بانی پی ٹی آئی سے ان کے دور اقتدار میں دوست ملک کے سربراہ کی جانب سے ملنے والے قیمتی تحفہ کے حوالے سے تفتیش کی۔
تفتیشی ٹیموں نے بشریٰ بی بی سے الگ پوچھ گچھ کی اور بعدازاں، نیب کی دونوں تفتیشی ٹیمیں ملزمان سے تفتیش کے بعد واپس روانہ ہو گئیں ۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نئے توشہ خانہ رہفرنس میں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں بند ہیں۔
8 اگست کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر تفتیشی پیش رفت رپورٹ کے ساتھ ملزمان کو نیب عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔