پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اور نادرا ٹیکنالجیز لمیٹڈ کے درمیان ٹیلی کام کمپنیز اور لائسنس درخواستگزاروں کی بائیو میٹرک تصدیق کا معاہدہ طے پا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے، درخواستگزاروں اورلائسنس یافتگان کی تصدیق کیلئےنادرا ای سہولت کا ملک گیرنیٹ ورک استعمال کرےگا، ٹیلی کام اداروں،لائسنس درخواستگزار کمپنیوں کے عہدیداروں اور عملے کے ارکان کی بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی ، اس اشتراک کی بدولت ملک میں ٹیلی کام لائسنسز کے اجراء کی کارروائی تیز اور محفوظ بنانے میں مدد ملے گی، پی ٹی اے اور این ٹی ایل کے درمیان معاہدے پر آج پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں دستخط کیے گئے۔
معاہدے کے تحت طے کئے گئے طریقہ کار کی روشنی میں پی ٹی اے لائسنس کےلئے درخواست جمع کرانے والی ہر کمپنی کا ایک پروفائل بنائے گا جس کا ٹریکنگ آئی ڈی متعلقہ کمپنی کو فراہم کر دیا جائے گا۔ کمپنی کے متعلقہ افراد اس ٹریکنگ آئی ڈی کے ہمراہ قریبی ای سہولت مرکز پر جا کر بائیومیٹرک تصدیق کروا سکیں گے ۔۔ جس کا نتیجہ آن لائن محفوظ طریقے سے پی ٹی اے کو موصول ہو جائے گا۔