استحکام پاکستان پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہوگئی، ای سی پی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، رجسٹریشن کے بعد آئی پی پی آئندہ انتخابات میں حصہ لے سکے گی۔ پارٹی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آئی پی پی کا شاہین اب سیاسی افق پر پرواز کیلئے بالکل تیار ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کو الیکش کمیشن میں رجسٹر کرلیا گیا، ای سی پی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے بعد آئی پی پی آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہوگئی۔
آئی پی پی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کی رجسٹریشن کا نوٹیفکیشن جاری ہونا باعث خوشی ہے، چیئرمین جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان کی محنتیں رنگ لے آئیں، اب آئی پی پی اپنی قانونی حیثیت کے ساتھ عوام میں جائے گی۔
ان کا کہنا ہے آئی پی پی کا شاہین اب سیاسی افق پر پرواز کیلئے بالکل تیار ہے، بیلٹ پیپر پر آئی پی پی کا نام اور شاہین کا انتخابی نشان چھپے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے سے عوامی رابطہ مہم میں مزید تیزی آجائے گی، خوشی ہے صدر عبدالعلیم خان کی سالگرہ کے دن پارٹی کی رجسٹریشن مکمل ہوئی۔
ترجمان آئی پی پی کا کہنا ہے کہ 13 اکتوبر کو جھنگ میں ہونیوالے آئی پی پی پاور شو کی تیاری کا آغاز پارٹی رجسٹریشن کی خوشخبری سے ہورہا ہے، قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد آئی پی پی مزید فعال ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے کئی اراکین قومی اور صوبائی اسمبلیوں نے پارٹی چھوڑ دی تھی، جس کے بعد سینئر سیاستدانوں جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کی استحکام پاکستان پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔
گزشتہ روز استحکام پاکستان پارٹی نے پنجاب بھر میں ورکرز کنونشن کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ نون لیگ عوامی سطح پر مسترد جماعت ہے اس کا ساتھ دینے والے خود ڈوب جائیں گے، نواز شریف کی وطن واپسی پر سپریم کورٹ سے امیدیں نظام عدل پر سوالیہ نشان ہیں۔