پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے آئندہ چند روز میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیاہے جس میں پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت شریک ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو بیرون ملک سے وڈیو لنک کے ذیعے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ن کی جانب سے پی ٹی آئی پرپابندی کے حوالے سے تجویز پر ارکان کی رائے لی جائے گی، پیپلز پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد پابندی کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے متعدد رہنما پی ٹی آئی پرپابندی کے حق میں نہیں ہیں۔