سردیاں آتے ہی عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔نگران حکومت نے سردیوں میں گھریلو صارفین کے لیےگیس کی 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
نگراں وزیرتوانائی محمد علی نے کہا ہےکہ سردیوں میں 24گھنٹے گھروں میں گیس نہیں دے سکتے،اس بارعوام کو صرف 8گھنٹے گیس ملے گی۔نگراں وزیر توانائی نے اپنے بیان میں کہاکہ سردیوں میں گیس کی سپلائی کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں، سردیوں کیلیے ایل این جی کے 2 کارگو کے سودے ہو گئے ہیں۔
محمد علی نے مزید کہا کہ اس سال سردیوں میں پہلے ہی 18فیصد گیس کم ہے اس لیے سردیوں کے سیزن میں صرف 8 گھنٹے گیس ملے گی۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کی ہدایت پر نگران حکومت نے گیس کے نرخ بڑھانے کی تیاریاں شروع کر دیں،آئندہ ای سی سی اجلاس میں گیس ٹیرف میں اضافے کی سمری پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
گیس کا گردشی قرض 2 ہزار 900 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جس کی وجہ سے آئی ایم ایف نے گیس کے گردشی قرضے کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔