اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سیکیورٹی فراہمی سے متعلق بشری بی بی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیئے۔ کیس 5 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے بشری بی بی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات سمیت سماعت کی۔ استفسار کیا کہ آپ کی درخواست میں استدعا کیا ہے؟ وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو خطرہ ہے، جیل میں سیکیورٹی اور حقوق کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیئے۔ رجسٹرار آفس کو درخواست پر نمبر لگا کر پانچ اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔ بشری بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ان کے شوہر کو جیل میں کھانے کے ذریعے زہر دیئے جانے کا خدشہ ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں جیسا کہ ماضی میں انڈر ٹرائل قیدیوں کو سہولت دی گئی تھی۔ ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔