صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بھی قومی کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کا مطالبہ کردیا۔
گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر شافع حسین کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں آزادی کے ساتھ عید منا رہے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کو قربانی کیلئے مشکلات ہیں، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو بھی انکا حق ملنا چاہیے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جاپان اور چائنہ نے ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی سکلز لیبر مانگی ہے، ٹیوٹا کا گزشتہ 6 سال کا آڈٹ کروانے جارہا ہوں، 15 سالوں سے کرپشن کرنیوالے کرپٹ آفسیرز کو تبدیل کروا رہے ہیں۔
شافع حسین کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبہ میں ق لیگ کا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیساتھ ابھی تک اتحاد بہتر جارہاہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی 100 دن کی کارکردگی بہتر ہے، موجودہ حکومت کو باقی 4سال کی مدت پوری کرنی چاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور ق اور پی پی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں انہیں علم ہے کہ یہ آخری موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات ہونے چاہیں، حکومت کیساتھ مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی گروپوں کی رائے مختلف ہے، پی ٹی آئی کے دھڑوں میں بٹنے کی وجہ سے مذاکرات نہیں ہو پا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس کو سنجیدہ نہیں لینا چاہے ہار جیت ہوتی رہتی ہے، محسن نقوی کو پوری طرح پتہ چل چکا ہے کہ ٹیم میں کیا ہوتا رہا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کے اکثر کھلاڑی دیکھنے میں شریف لگتے ہیں لیکن اندر کھاتے کیا کرتے رہے سب کو معلوم ہے، سیاست نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم میں تبدیلی ہونی چاہیے۔