جمعیت علما اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات اس وقت ضروری نہیں بلکہ ملک کی معیشت بہتر ہونا ضروری ہے، تاہم ہم ہر وقت الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
ساہیوال میں جامعہ علومیہ شرععیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخرمیں انتخابات کرانے کا کہا ہے لیکن اس دوران کے پی کے میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے، بڑی آبادی الیکشن میں ووٹ کیلئے جانے کے قابل نہیں ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مسائل ابھی عدالت میں ہیں، جو بھی ملک میں اس وقت صورتحال ہے اسکی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے، ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 2 ارب پر لانے والے پی ٹی آئی والے ہیں، معاشی لحاظ سے ملک کو دلدل میں گرانے والے بھی پی ٹی آئی ہے، ڈیڑھ سال میں ہماری پی ڈی ایم کی گورنمنٹ نے زرمبادلہ کے ذخائر کو گیارہ ارب تک پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے نظریاتی ہدف پر قائم ہیں، ہم نے ساڑھے 3 سال الیکشن کیلئے ہی تحریک چلائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دوستوں سے جب بھی پوچھا انھوں نے کہا کہ وہ آئیں گے،پی ڈی ایم اتحاد اب غیر فعال ہے اس لیے نواز شریف کے ویلکم کی ترتیب وہی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں نگران حکومت والا فلسفہ ہی غلط ہے، نگرانوں میں پھر حکومت کسی اور نگران کی ہوتی ہے۔