اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے داسو ہائیڈرو پراجیکٹ حملے میں مارے گئے چینی شہریوں کے لواحقین کو 25 لاکھ 80 ہزار ڈالرمعاوضہ ادا کرنے اور روز ویلٹ ہوٹل نیو یارک کے اخراجات کیلئے 80 لاکھ ڈالر جاری کرنے کی مںظوری دے دی۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں طے پایا کہ داسو ہائیڈرو پراجیکٹ حملے میں قیمتی جانیں گنوانے والے چینی باشندوں کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی بیجنگ میں چینی سفارتخانے کے ذریعےکی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی 2020 میں بندش کے بعد سے 15 کروڑ ڈالر کا قرض نیشنل بینک سے لیا جا چکا ہے۔
ای سی سی نے پاور ڈویژن کے ترقیاتی اخراجات کی مد میں دو ارب 21 کروڑ روپے سے زائد اور اسٹیل ملز پر سوئی سدرن کے واجبات کی ادائیگی کی منظوری بھی دے دی ۔
متعدی امراض سے بچاؤ کے وفاقی پروگرام کیلئے 12 ارب روپے ، ایرا کیلئے ایک ارب دو کروڑ روپے اور اسلام آباد انتظامیہ کے منصوبوں کیلئے ساڑھے 5 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کیلئے 18 کروڑ 45 لاکھ روپے بھی منظور کرلیے گئے۔