دفترخارجہ کی ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ چکے ہیں ،جو مسلسل پاکستان کیلئے خطرے کا باعث ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ افغانستان میں دستیاب امریکی ہتھیار جو اب دہشت گردوں کے ہاتھوں میں پہنچ گئے ہیں پاکستان کیلئے مسلسل خطرے کا باعث ہیں،اور پاکستان امید کرتا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پاکستان کیخلاف کارروائیوں کیلئےاپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دےگی۔
انہوں نے چترال میں فوجی چوکیوں پر حالیہ دہشت گرد حملے سے متعلق سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستا ن نے حالیہ واقعہ سے متعلق افغان عبوری انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :۔ چترال، دہشتگردوں کاحملہ پسپا،4 جوان شہید، 12 دہشتگرد جہنم واصل
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ نے سلامتی اور دہشت گردی کی روک تھام سمیت متعدد امور کے بارے میں سودمند مذاکرات کئے، ہم نے امریکہ اور خطے کے اندر اور باہر دوسرے شراکت داروں کو پاکستان کی سلامتی کے تحفظات سے آگاہ کیا ہے، انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پاکستان کےعزم کا اعادہ کیا۔
ایک سوال پر ترجمان نے کہاکہ ہم نے اپنے شراکت داروں خصوصاً خلیجی ممالک کو دعوت دی ہے کہ وہ آئیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں ان سے رابطے میں ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے اس بات کی ترید کی ہے کہ تقریباً20 سالوں تک افغان جنگ لڑنے کےبعد انخلا کے وقت اس نے ایسا کوئی اسلحہ یافوجی سازو سامان افغانستان میں نہیں چھوڑا جو دہشتگرد تنظیموں کے ہاتھ لگاہو۔
گرشتہ روز واشگٹن ڈی سی میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی نیشنل سکیورٹی کو نسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھاکہ افغانستان سے انخلا کے وقت چند جہاز اور معمولی سامان ایئرپورٹ پر چھوڑا گیا جو قابلِ استعمال حالت میں نہیں تھا۔
بریفنگ کے دوران ایک پاکستانی صحافی نے ان سے سوال کیا کہ امریکی افواج کے انخلا کے وقت افغانستان میں چھوڑا گیا سات ارب ڈالر کا اسلحہ تحریک طالبان پاکستان، داعش اور القاعدہ کے جنگجوؤں کے ہاتھ لگاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ انخلا کے وقت افغانستان میں ایسا کوئی اسلحہ نہیں چھوڑا جو ٹی ٹی پی کے ہاتھ لگا ہو،امریکا
جس پر امریکی نیشنل سکیورٹی کو نسل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انخلاکے وقت جو چیزیں افغانستان میں ایئرپورٹ پر چھوڑیں وہ چند ٹَگ مشینیں اور آگ بجھانے کے آلات تھے، اوران کو اس لئے چھوڑ گیا کہ طالبان کو ضرورت ہو سکتی تھی۔
جان کربی نے بتایا کہ جس فوجی سازوسامان یا آلات کی بات کی جارہی ہے وہ انخلا سے بہت پہلے امریکا کی جانب سے افغان افواج کے حوالے کیا جاچکا تھا،اور افغان افواج کو یہ اسلحہ ان کی تربیت کے مشن کے تحت حوالے کیاگیا تھا، جو افغانستان میں پیش قدمی کے دوران افغان نیشنل فورسز نے اسی طرح چھوڑ دیا۔