سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر کے قریب چترال کے علاقے کیلاش میں 2چیک پوسٹوں پر دہشتگردوں کے حملےکو پسپا کر دیا، تاہم حملے میں 4 جوان جام شہادت نوش کر گئے جبکہ 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق جدید ترین ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ نے ضلع چترال کے جنرل علاقے کیلاش میں پاکستان افغانستان سرحد کے قریب واقع دو پاکستانی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نےدہشتگردوں کے بڑے حملے کو پسپا کر دیا ،اور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا، اس دوران 4 جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور متعدد کوزخمی کر دیا گیا۔
جاری بیان کے مطابق ان علاقوں میں سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے نورستان اور کنڑ صوبوں کے گووردیش، پتیگال، برگ متل اور بتاش کے علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور ارتکاز کو پہلے ہی پکڑ لیا گیا تھا اور عبوری افغان حکومت کے ساتھ بروقت شیئر کیا گیا تھا۔خطرے کے بڑھتے ہوئے ماحول کی وجہ سے اپنی پوسٹیں پہلے ہی ہائی الرٹ پر تھیں۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ چترال کے بہادر عوام بھی دہشت گردوں کو علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت دینے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئےدہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔
دوسری جانب ضلع لوئر چترال کے ڈپٹی کمشنر نے ایک میڈیا بیان میں کہا کہ یہ حملے لوئر چترال کے علاقوں اوستئی اور جنجیرت کوہ میں چترال سکاؤٹس کی دو پوسٹوں پر ہوئے۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چترال کے علاقہ کیلاش میں پاک افغان سرحد کی چیک پوسٹ پردہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کےمطابق صادق سنجرانی نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے چترال کے علاقہ کیلاش میں پاکستان -افغانستان سرحد کے چیک پوسٹ پردہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے-انہوں نے کہا ہے کہ 1/2
— Senate of Pakistan (@SenatePakistan) September 6, 2023
چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہاکہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں،خطے کے امن کی بقا کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا،ایسے بزدلانہ حملےملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی سکیورٹی فورسز پر سرحد پار سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کی دعا کی ۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کےدلیرجوانوں نےچترال میں12دہشتگردوں کوموت کےگھاٹ اتارا ۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ اس مٹی کے 4 سپوت اس ملک کی حفاظت کرتے ہوئے آج شہید ہوگئے،ہماری افواج کے ان شیر دل جوانوں کو میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
پاک فوج کے دلیر جوانوں نے چترال میں 12 دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتارا اور اس مٹی کے 4 سپوت اس ملک کی حفاظت کرتے آج شہید ہوگئے، ہماری افواج کے ان شیر دل جوانوں کو میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔۔۔ اللہ ان شہداء کے گھر والوں اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے اور میرے وطن کو دہشت…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 6, 2023
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ ان شہداء کے گھر والوں اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے اورمیرے وطن کو دہشت گرد عناصر سے پاک فرمائے،آمین۔