برطانوی وزیر خارجہ نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جیمز کلیورلی نے مستونگ اور ہنگو میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی۔ نگران وزیراعظم نے برطانوی حکومت کیجانب سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے مستونگ اور ہنگو میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی، جیمزکلیورلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور۔ زخمیوں کی جلدصحتیابی کی دعا کی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لائیں گے، ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے۔
دوسری جانب مستونگ میں ربیع الاول کے جلوس میں خود کش دھماکے کا مقدمہ کوئٹہ کے سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کرلیا گیا جبکہ ہنگو میں پولیس مسجد میں دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ دو آبہ کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن میں درج کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ اورخیبر پختونخوا کے علاقے ہنگو میں دو الگ الگ دھماکوں کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 57 افراد شہید جبکہ75 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔