عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر مستونگ اور ہنگو میں دہشتگردوں کے خودکش حملوں پر امریکا، برطانیہ اور ایران سمیت مختلف ممالک نے مذمت کا اظہار کیا ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ ایسے شیطانی حملوں کا سامنا کرنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ برطانیہ نے کہا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔
پاکستان میں عیدمیلاد النبیؐ کے موقع پر مستونگ میں جلوس اور ہنگو میں نماز جمعہ کے موقع پر خودکش دھماکے کئے گئے، جن میں 60 کے قریب افراد شہید اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
امریکی سفارتخانے نے اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر خودکش دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگرد حملے ہوئے ہیں، پاکستانی عوام کسی خوف کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق جشن منانے کے مستحق ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے حکام کہتے ہیں ہمارے دل متاثرین اور ان کے اہل خانہ کیلئے رنجیدہ ہیں، امریکا ان شیطانی حملوں کا سامنا کرنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے پاکستان میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا کہ متاثرین اور حکومت پاکستان سے ہمدردی ہے، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں، ثابت ہوگیا دہشت گرد حضور پاکؐ کی تعلیمات سے کوسوں دور ہیں۔
ایرانی صدر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ دہشتگرد مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں، دہشتگرد مذموم کارروائیوں سے اپنی جہالت اور اسلام سے دوری ظاہر کررہے ہیں۔
ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ ایران دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، عالمی برادری دہشتگردی کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے بیان میں کہاکہ دھماکے کی خبر سن کر شدید دکھ ہوا، دنیا میں کہیں بھی تشدد کی کوئی جگہ نہیں، مشکل وقت میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فرانسیسی سفارتخانے نے بھی مستونگ اور ہنگو دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
پاکستان میں یورپی یونین یونین کی سفیر رینا کیونکا نے بھی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین اور حکومت پاکستان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔