فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) نے ہدف سے 3 ارب روپے زیادہ ٹیکس جمع کرلیا۔
ایف بی آر کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 6 ہزار 710 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا جبکہ جولائی تا مارچ ٹیکس وصولی کا ہدف 6 ہزار 707 ارب روپے تھا۔
حکام کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ٹیکس ریونیو میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔
مارچ 2024 کے دوران مقرر کردہ 879 ارب روپے کا ماہانہ ٹیکس ہدف بھی پورا کرلیا گیا۔
ابتدائی 9 ماہ میں 369 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز بھی ادا کئے گئے، گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 254 ارب روپے کے ریفنڈز دیئے گئے تھے۔
مارچ 2024 میں ریفنڈز کی مد میں 67 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی جبکہ مارچ 2023 میں جاری کردہ ریفنڈز کا حجم 22 ارب روپے تھا۔