انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے خط پر وضاحت جاری کردی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پاکستان کا قرض پروگرام رکوانے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی، عالمی مالیاتی ادارے نے تحریک انصاف کی جانب سے خط ملنے کی تصدیق کردی تاہم ، ترجمان آئی ایم ایف نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کردیا کہ پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات پر تبصرہ نہیں کریں گے اور خود کو معاشی معاملات تک محدود رکھیں گے۔
آئی ایم ایف نے ملکی معاشی استحکام کے لیے انتخابی تنازعات کے منصفانہ حل کی بھی حمایت کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ آئی ایم ایف موجودہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت دوسرے اقتصادی جائزے کی تکمیل چاہتا ہے، نئی حکومت کے ساتھ بات چیت کے منتظر ہیں۔
آئی ایم ایف نے حکومت کی جانب سے درخواست کی صورت میں نئے قرض پروگرام کی تشکیل کی حمایت کا بھی عندیہ دےدیا۔
عالمی ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا مقصد مالی استحکام کو مضبوط کرنا اور دیرینہ اقتصادی مسائل کا حل ہے، بنیادی توازن ادائیگی کے چیلنجز سے نمٹنا اور پائیدار ترقی کی بحالی بھی مقصد ہے۔
آئی ایم ایف نے ٹیکس نیٹ بڑھانے ، کمزور طبقات کے تحفظ ، توانائی شعبے سمیت سرکاری اداروں میں اصلاحات ، گورننس ، انسداد بدعنوانی اقدامات میں بہتری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی زور دیا ہے۔