حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے آئی ایم ایف کے 26 میں سے 25 شرائط پر عملدرآمد مکمل کرکے رپورٹ ارسال کردی۔
پاکستان نے ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی آخری قسط وصول کرنے کیلئے مقررہ اہداف پر عملدرآمد کی رپورٹ آئی ایم ایف کو ارسال کردی۔ نگران حکومت نے دوسرے اقتصادی جائزے کیلئے عالمی مالیاتی ادارے کی 26 میں سے 25 شرائط پوری کیں۔ آئی ایم ایف کا مشن رپورٹ کا جائزہ لیکر پاکستان کا دورہ کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک سے قرض نہ لینے اور بیرونی ادائیگیاں بروقت ادا کرنے کی شرط پوری کردی گئی، ٹیکس محصولات اور ریفنڈ ادائیگیوں سمیت پاور سیکٹر کے بقایاجات بروقت کلیئر کئے گئے۔ ٹیکس استثنی اور ایمنسٹی نہ دینے کی شرط پر بھی مکمل عملدرآمد کیا گیا۔ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کرنسی ایکسچینج میں 1.25 فیصد کے ریٹ پر عملدرآمد جاری ہے۔ بجلی نرخوں کی ریبیسنگ اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی شرط پر بھی بروقت عملدرآمد ہوگیا۔
دوسری جانب حکومتی ملکیتی اداروں کے قوانین میں ترمیم کی شرط پوری نہ ہوسکی، این ایچ اے، پاکستان پوسٹ اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے قانون میں ترمیم نہیں ہوئی۔
آئی ایم ایف مشن پاکستان آمد سے قبل اہداف پر عملدرآمد کی رپورٹ کا جائزہ لے گا، آئی ایم ایف کا مشن نئی حکومت قائم ہونے کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گا۔