ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کے باعث مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکین بند ہوگئیں جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
بالائی چترال اور لوئر چترال میں شدید برفباری جاری ہے، چترال شہر میں تقریباً 4 انچ برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کے باعث لواری ٹنل ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لوئرچترال کا کہنا ہے کہ برف ہٹانے کا کام جاری ہے، مسافر برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برفباری کے دوران سنو چین کا استعمال یقینی بنائیں۔
آزادکشمیر کے بالائی علاقوں برفباری اور بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ سیاحتی مقامات پیر چناسی، گنگا چوٹی، تولی پیر کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی۔ بارش برفباری اگلے دو روز تک مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
پشاور میں بارش سے موسم سرد ہوگیا جبکہ ندی نالے ابل پڑے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر گزشتہ رات سے اب تک 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔