الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مستعفی کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے الزمات کی تردید کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا اعلان کردیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتا ہے، الیکشن کمیشن اس معاملے کی جلد از جلد انکوائری کروائے گا۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن کے کسی عہدہ دار نے الیکشن نتائج کی تبدیلی کے لیے کمشنر راولپنڈی کو کبھی بھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، ڈویژن کا کمشنر نہ تو ڈی آر او، آر او یا پریذائیڈنگ آفیسر ہوتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کمشنر کا الیکشن کے کنڈکٹ میں کوئی براہِ راست کردار نہیں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ نے عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنے بیان میں خوفناک انکشافات بھی کیئے ہیں۔
لیاقت چٹھہ کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ عرصہ پہلے الیکشن ڈیوٹی پر لگایا گیا تھا لیکن میں اپنی ذمہ داری پر شرمندہ ہوں اور میں نے جو جرم کیا ہے اس پر مجھے سزائے موت دی جائے۔