Live Updates: پاکستان کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دو شاندار شخصیات ہیں:صدر ٹرمپ
معاہدہ مکمل طور پر پایہ تکمیل تک پہنچنے تک ناکہ بندی رہے گی، زیادہ تر نکات پہلے ہی طے ہو چکے ہیں: امریکی صدر
انطالیہ ڈپلومیسی فورم ، شہبازشریف سے صدر ٹرمپ کے سینئر مشیر مسعد بولس کی ملاقات
وزیراعظم شہبازشریف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر مشیر مسعد بولس نے ملاقات کی جس دوران پاک امریکا تعلقات، بالخصوص معاشی اور تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔
ترکیہ میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم شہبازشریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر مشیر مسعد بولس کی ملاقات ہوئی ۔ جس دوران باہمی دلچسپی کےامور، علاقائی صورتحال، امن کوششوں اور تاریخی اسلام آباد مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کے اظہار کے ساتھ پرانےتعلقات کا تذکرہ بھی کیا۔ گزشتہ سال پاک بھارت جنگ بندی کرانے پر صدر ٹرمپ کی دلیرانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان میں جنگ بندی کے کامیاب معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کی قیادت کی تعریف کی۔ امریکی مشیر نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کا اعتراف کیا۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم کیلئے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ ملاقات میں انسداد دہشتگردی اور اقتصادی ترقی سمیت مشترکہ ترجیحات پر تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔
شہبازشریف کی طیب اردوان سے ملاقات، تزویراتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار
انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم شہبا شریف دورہ ترکیہ پر ہیں ، انہوں نے صدر طیب اردوان سے اہم ملاقات کی جس دوران ترک صدر نے شہبازشریف کی خطے میں امن کیلئے سفارتی کوششوں کو زبردست سراہا ۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے ، صدر اردوان نے شہباز شریف کی خطےمیں امن کیلئے سفارتی کوششوں کو زبردست سراہا، ترکیہ نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپورحمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور علاقائی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے صدر اردوان کو جنگ بندی میں توسیع اور امن مذاکرات کے متعلق آگاہ کیا۔ پاکستان اورترکیہ نے پائیدار علاقائی امن کیلئے موجودہ موقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، پاک-ترک اسٹریٹجک تعاون کونسل کا آٹھواں اجلاس رواں سال انقرہ میں بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے معاشی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور جاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنےکے عزم کا اظہار کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے پاک-ترک تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا ۔
پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع
آبنائے ہرمز کھلنے کے بعد عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے امریکی خام تیل کی قیمت میں 34 ڈالر 55 سینٹ کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 119 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 84 ڈالر 45 سینٹ پر آ گئی ہے، یعنی مجموعی طور پر تقریباً 30 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اسی طرح برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 26 ڈالر 87 سینٹ کی کمی سامنے آئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر اس کی قیمت میں 23 فیصد تک کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
پاکستان کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دو شاندار شخصیات ہیں:صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیاہے اور کہا کہ پاکستان کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دو شاندار شخصیات ہیں، آج کا دن پوری دنیا کے لیے ایک شاندار دن ہے، بہادری اور مدد کیلئے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتاہوں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور آمد و رفت کے لیے تیار ہے، ایران کے حوالے سے ناکہ بندی بدستور برقرار رہے گی، معاہدہ مکمل طور پر پایہ تکمیل تک پہنچنے تک ناکہ بندی رہے گی، یہ عمل بہت تیزی سے مکمل ہو جانا چاہیے، زیادہ تر نکات پہلے ہی طے ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ایٹمی مواد کو حاصل کرے گا، اس کے بدلے کسی بھی صورت میں کوئی رقم کا تبادلہ نہیں ہو گا، یہ معاہدہ کسی طور پر لبنان سے مشروط نہیں ہے، امریکا الگ سے لبنان کے ساتھ کام کرے گا ، حزب اللہ کے مسئلے سے مناسب انداز میں نمٹ لیں گے، اسرائیل اب لبنان پر بمباری نہیں کرے گا، امریکا نے اسرائیل کو روک دیا ہے، بہت ہوچکا اب اسرائیل پر پابندی عائد کردی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ آبنائے ہرمز کھلنے کے بعد مجھے نیٹو سے فون آیا، نیٹووالے مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ ہم کیا مدد کرسکتے ہیں، میں نے نیٹو سے کہا، آپ دور رہیں،ہاں تیل چاہیے تو بتا دیں، وہ کاغذی شیر ہیں، ضرورت کے وقت بالکل بے فائدہ ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہناتھا کہ ایران امریکا کی مدد سے تمام سمندری مائنزہٹا رہا ہے، کچھ ہٹا چکا ہے، بہادری اور مدد کیلئے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔
وزیراعظم کی انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں جاری
وزیراعظم کی انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ،شہباز شریف نے ترکیہ ک صدر اور امیر قطر سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے قازقستان اورآذربائیجان کے صدور سے بھی ملاقاتیں کیں ۔ملاقاتوں میں وزیرِ اعظم عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز رہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں خوشگوار ماحول میں ہوئیں ، ملاقاتوں میں عالمی سطح اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
انطالیہ ڈپلومیسی فورم کا آغاز، شہباز شریف اور ترک صدر پہنچ گئے
ترکیہ میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کا آغاز ہو گیاہے جس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان فورم پہنچ گئے ہیں ۔
ترک میڈیا کے مطابق آذربائیجان کے صدر اور لیبیا کے وزیراعظم بھی وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ ہیں ۔
شامی صدر احمد الشرع بھی انطالیہ فورم کے ابتدائی سیشن میں شرکت کر رہے ہیں، اس موقع پر شامی صدر نے کہا کہ شام میں سیاسی خلا کو پُر کرنے کیلئے آئینی اعلامیہ جاری ہوگا، اعلامیہ کے بعد پارلیمان کی تشکیل کے لیے انتخابات ہوں گے، اگلے5 برسوں میں شام کو مردم شماری اور دیگر مراحل سے گزرنا ہوگا، شام کو اندرونی اور بیرونی نقل مکانی کے بڑے بحران کا سامنا رہا ہے،تمام امور کو دوبارہ دستاویزی شکل دینا بہت ضروری ہے۔
پاکستانی جہاز تیل لے کر آبنائے ہرمز اور ناکہ بندی سے نکل آیا
پاکستانی جہاز ’ شالامار‘ نے آبنائے ہرمز اور ناکہ بندی کو عبور کر لیاہے جو کہ متحدہ عرب مارات سے خام تیل لا رہاہے ۔
رائٹرز کے مطابق آبنائے ہرمز کے باہر امریکی ناکہ بندی کے بعد پہلا پاکستانی جہاز اس راستے سے باہر نکلا ہے جس میں 8 کروڑلیٹر خام تیل لوڈ ہے ، یہ جہاز متحدہ عرب امارات سے لوڈ ہو کر کراچی کی جانب گامزن ہے جو کہ 19 اپریل کو بندرگاہ پر تیل اتارے گا۔
معاہدے کے بہت قریب ہیں، ایران کے ساتھ ڈیل ہوگئی تو اسلام آباد جاؤں گا: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ ایران کیساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کے لئیے شاید میں بھی اسلام آباد جاؤں، وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل بہت اچھا کام کررہے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا، ہم ایران کو اچھے طریقے سے ڈیل کررہے ہیں، ایران کی نیوی اور فضائیہ کو ختم کردیا ہے، ایران سےاسی ہفتے کے آخر میں مذاکرات ہو سکتے ہیں، ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرنے پررضا مندی خوش آئند ہے، ہم ایران سے معاہدے کے بہت قریب ہیں، معاہدے پر دستخط کرنے کے لئیے شاید میں بھی اسلام آباد جاؤں، وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل بہت اچھا کام کررہے ہیں، تیل کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں۔
انہوں ے کہا کہ لبنان اور اسرائیل کے رہنماؤں سے اچھی گفتگو ہوئی،لبنانی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کو وائٹ ہاؤس بلاؤں گا، لبنان کی سیز فائر میں حزب اللہ بھی شامل ہو گی،44سال میں پہلی بار لبنان اور اسرائیل میں سیزفائر ہوا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے دورے پر انطالیہ پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف قطر کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اب ترکیہ پہنچ گئے ہیں جہاں گورنر ہلوسی شاہین نے استقبال کیا ۔
تفصیلات کے مطابق زیراعظم شہبازشریف ترکیہ کے دورے پر انطالیہ پہنچ گئے ہیں جہاں ہوائی اڈے پر انطالیہ کے گورنر ہلوسی شاہین نے وزیراعظم کا استقبال کیا ، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور اعلٰی سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کل پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے ، پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کیلئے لیڈرز پینل میں شرکت ہوگی ۔ وزیراعظم کی ترک صدر سمیت دیگرعالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
اسحاق ڈار،عطا تارڑ اور طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیرِاعظم کی وفد کے ہمراہ مسجدِ نبوی ﷺ میں حاضری،ملک وقوم کی ترقی،دنیا بھر کے امن کی دعائیں
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی ﷺ میں حاضری دی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے تھے، اس موقع پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف اور وفد کے لیے روضۂ رسول ﷺ کے دروازے کھولے گئے، اس موقع پر وزیرِ اعظم نے روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کی اور سلامِ عقیدت پیش کیا۔
مدینہ منورہ: 16 اپریل 2026۔
— Prime Minister's Office (@PakPMO) April 16, 2026
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے. گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آلسعود نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا مدینہ منورہ آمد پر استقبال کیا.
وزیرِ اعظم نے مدینہ منورہ میں مسجد النبوی میں حاضری دی اور ملک و قوم… pic.twitter.com/KV3kXf6ePW
وزیرِ اعظم نے ملک و قوم کی ترقی اور دنیا بھر میں امن و آشتی کے لیے دعائیں بھی کیں،واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِاعظم شہبازشریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
اس دوران شہباز شریف نےسعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی،جس میں خطے کی صورتِ حال اور دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پرسعودی عرب روانہ ہوگئے
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پرسعودی عرب روانہ ہوگئے،نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت اعلیٰ سطح وفد بھی ہمراہ ہیں،دفترخارجہ کےمطابق شہبازشریف ترکیہ اورقطربھی جائیں گے، ینوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتوں میں پائیدار علاقائی امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا
ترجمان دفترخارجہ کےمطابق سعودی عرب اورقطر کےدورےدوطرفہ تناظرمیں ہوں گےجہاں وزیراعظم متعلقہ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اورباہمی تعاون کے فروغ کے ساتھ علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ میں پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں بھی شرکت کریں گےجہاں وہ عالمی رہنماؤں کےہمراہ لیڈرز پینل میں شریک ہوں گے اور پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے،دورے کےدوران ترک صدررجب طیب اردوان سمیت دیگرعالمی رہنماؤں سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نےقومی ٹیموں کےنئے مینجمنٹ پینلزکا اعلان کردیا
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیموں کے نئے مینجمنٹ پینلز کا اعلان کردیا، سینئر، جونیئر اور انڈر ایٹین ٹیموں کیلئے نئے کوچنگ اسٹاف کی منظوری دی گئی ہے۔
پی ایچ ایف کے ایڈہاک صدر کی منظوری سے نئے کوچز اور مینجمنٹ ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ اولمپئن منظور الحسن کو قومی سینئر ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ خواجہ جنید، وسیم احمد اور شکیل عباسی سینئر ٹیم کے کوچنگ پینل میں شامل ہیں۔ ایاز محمود کو پاکستان جونیئر ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ جونیئر ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں سمیر حسین، اظفر یعقوب اور عمران بٹ شامل ہیں۔ قمر ابراہیم کو انڈر ایٹین ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ۔ ریحان بٹ، یاسر اسلام اور عمر بھٹہ یوتھ ٹیم کے کوچنگ پینل کا حصہ ہیں۔
ایران کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور 2 دن میں پاکستان میں ہوسکتا ہے: امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا اگلا دور 2 دن میں پاکستان میں ہوسکتا ہے،ایران سے بات چیت کے لیے پاکستان جانے کا امکان زیادہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ ہم کسی ایسے ملک میں کیوں جائیں جس کا اس معاملے سے کوئی تعلق ہی نہیں؟،پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر بہت اچھا کام کررہے ہیں،فیلڈ مارشل زبردست ہیں،اس لئے امکان ہے ہم دوبارہ اسلام آباد جائیں۔
دوسری جانب امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یورپ توانائی کے لیے بے حد پریشان ہے،برطانیہ شمالی سمندر سے تیل نکالنے پر انکار کر رہا ہے،برطانیہ کا یہ اقدام بالکل پاگل پن ہے،ڈرل بے بی ڈرل۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ شمالی سمندر دنیا کے بہترین ذخائر میں سے ایک ہے،ناروے اپنا تیل برطانیہ کو دوگنی قیمت پر دے رہا ہے۔
پاکستان کیلئے ڈیزل کی کھیپ لے کر بحری جہاز یورپ سے کراچی پہنچ گیا
پاکستان کے لیے ڈیزل کی بڑی کھیپ لے کر بحری جہاز یورپ سے کراچی پہنچ گیا۔
لائبیریا سے تعلق رکھنے والا بحری جہاز “لامو” پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگیا ہے، ذرائع کے مطابق جہاز ایمسٹرڈیم سے 57 ہزار 650 میٹرک ٹن ڈیزل کی کھیپ لے کر پہنچا۔
پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بحری جہاز فوٹکو ٹرمینل پر ڈیزل کی ڈسچارجنگ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈیزل کی اس درآمد سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انٹرنیشنل ریٹنگ ایجنسی فچ کا مشرق وسطی میں سیز فائر کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف
انٹرنیشنل ریٹنگ ایجنسی فچ کا مشرق وسطی میں سیز فائر کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف، ریٹنگ بی نیگیٹیو برقرار تاہم معاشی آوٹ لک کو مستحکم قرار دیدیا۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی معیشت میں مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کی نشاندہی کردی،پاکستان کی طویل مدتی ریٹنگ کو بی نیگیٹو پر برقرار رکھتے ہوئے آوٹ لک مستحکم قرار دے دی۔
فچ کےمطابق آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سےمالی ضروریات پوری کرنےکی صلاحیت کوسہارا ملا ۔ گزشتہ ایک سال کےدوران زرمبادلہ کےذخائرمیں اضافہ ہوا جومعیشت پرجنگ کےاثرات میں حفاظتی ڈھال بنی، جنگ بندی میں کردارسےبھی پاکستان کومعاشی فوائد مل سکتے ہیں جس سے بیرونی دباؤ کم ہو سکتاہے،پاکستان رواں ماہ متحدہ عرب امارات کو ساڑھےتین ارب ڈالر قرض واپس کرے گا جبکہ دیگر ممالک کے 9 ارب 20 کروڑ ڈالر ڈیپازٹس رول اوور ہونے کی توقع ہے۔
فچ ریٹنگز کےمطابق عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے آئندہ مہینوں میں پاکستان میں مہنگائی بڑھنےکاخدشہ ہے،رواں مالی سال مہنگائی 7.9فیصد رہنے کا امکان ہے،حکومت نےدیگر اخراجات کم کرکے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹارگٹڈ سبسڈی دی ہے جس سے مالی خسارہ قابو میں رہے گا۔
رواں مالی سال مالی خسارہ 5.3 فیصد رہنےکی توقع ہے،پرائمری سرپلس ہدف سے 0.3 فیصد کم 2.1 فیصد رہنے کا امکان ہے،آئی ایم ایف قرض پروگرام سےایک ارب 20 کروڑڈالرکی اگلی قسط کی منظوری کے بعد زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گی۔
فچ کےمطابق موجودہ مالی سال معاشی شرح نمو 4.2 فیصد کےہدف کے مقابلے میں تین اعشاریہ ایک فیصد رہنےاوربیرونی قرض ادائیگیاں 8 ارب ڈالر سےبڑھ کر 12 ارب 88 کروڑ ارب ڈالرتک پہنچنے کا امکان ہے،کرنٹ اکاونٹ ایک اعشاریہ ایک فیصد خسارے میں جا سکتا ہے۔
صدر آصف زرداری کی پاک چین منصوبوں میں بیوروکریٹک رکاوٹیں ختم کرنے کی ہدایت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک چین منصوبوں میں بیوروکریٹک رکاوٹیں ختم کرنے اور تعلیمی نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے چینی اشتراک سے انفراسٹرکچر، صنعت اور معیشت کو مضبوط بنانے پر زور دیا اور کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں ختم، شفافیت اور سرمایہ کاروں کو سہولت دی جائیں۔ اجلاس میں توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، ماحولیات اور ایمرجنسی سسٹمز پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
صدر مملکت نے محکموں کو چینی شراکت داروں سے قریبی رابطہ اور مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی، انہو نے کہا کہ مفاہمتی یاداشتوں کو محض کاغذی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے عملی نتائج میں تبدیل کرنا ناگزیر ہے، پاک چین شراکت داری کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔ پاک چین تعاون پاکستان کے لیے ایک سنہری موقع ہے، اس کے ذریعے صنعتی صلاحیت میں اضافہ کرکے سماجی و معاشی ترقی کو بھی نئی رفتار دی جا سکتی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا متعلقہ ادارے باہمی رابطہ مزید مضبوط بنائیں، منصوبوں کے لیے واضح ٹائم لائنز مقرر کریں اور ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، سرمایہ کاروں کو آسانی فراہم ہو اور منصوبوں کی رفتار تیز ہوسکے، ہر منصوبے کی نگرانی کے لیے مؤثر اور مستقل مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے۔
امریکا اور ایران کے کچھ معاملات اٹکے ہیں،حل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے: شہباز شریف
وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور برادر ملک ایران کے درمیان آج تک ان ڈائریکٹ مذاکرات ہوئے،امریکی اور ایرانی وفد ہماری درخواست پر پاکستان آیا،دونوں ممالک کے درمیان 47 سال بعد اعلیٰ ترین سطح پر بات چیت ہوئی،ہماری دعوت قبول کرنے پر ایرانی اور امریکی صدور کا شکرگزار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ امریکا اور ایران نے 2ہفتے سیزفائر کا اعلان کیا،پھردونوں وفود پاکستان آئے،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ثالثی اور امن قائم کرنے کا موقع دیا،جس کی مثال نہیں ملتی، یہ عزت میری نہیں،پاکستان بھر کے عوام کی عزت ہے،ایسی عزت تاریخ میں کسی کسی کوملتی ہے،جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے،پاکستان کو مستقبل امن میں بدلنے کا موقع ملا۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ اوسلو اکارڈ،جنیوا اکارڈ،سوڈان خانہ جنگی رُکوانے میں کئی سال لگے،ایرانی اور امریکی وفود کے 21 گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے،پہلی بار امریکی اور ایرانی وفود ایک ساتھ بیٹھے،امریکا اور ایران کا سیزفائر اب بھی قائم ہے،امریکا اور ایران کے کچھ معاملات اٹکے ہیں،حل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے،پاکستان کو ثالثی اور میزبانی کا موقع ملا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ جاپان کی وزیراعظم نے مجھے کہا پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے،یورپ کے سربراہان نے بھی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا،خداکو منظور نہ ہوتا تو ہمیں یہ عزت نہ ملتی، دعاؤں سے ہمیں یہ عزت ملی، فیلڈمارشل کو شاباش،خراج تحسین پیش کرتا ہوں،فیلڈمارشل کی فراست اور حکمت سے سیزفائر پر اتفاق کیاگیا، میری ذمہ داری ہےکہ قومی راز راز ہی رہیں،فیلڈمارشل اور ان کی ٹیم راتوں کو جاگی،بعض لمحات میں بات ٹوٹتے ٹوٹتے جُڑتی رہی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، مذاکرات کے بعد کی صورتحال کا جائزہ
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس دوران اسلام آبادمذاکرات کے بعد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،وفاقی کابینہ کو موجودہ داخلی اور خارجی صورتحال پر اعتماد میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات ذخائر اور توانائی کی صورتحال پر رپورٹ اور اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور پاکستان کے ثالثی کردار پر بریفنگ دی۔کابینہ ارکان نے وزیراعظم،نائب وزیراعظم اور فیلڈمارشل کی مصالحتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد مذاکرات کے ثمرات کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے متحرک کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا، پاکستان کا خطے میں مستقل امن کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
وزیراعظم نے ایران امریکا جنگ بندی کی توسیع کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا ، ایران امریکا مذاکرات میں پاکستانی قیادت کے مثبت کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور مستقل جنگ بندی کیلئے عالمی سطح پر رابطوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے مصالحتی کردار جاری رکھے گا،وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سفارتی محاذ پر مزید متحرک رہنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ پاکستان مل کر جنگ بندی کو طویل المدتی امن میں بدلنے کیلئے کوشاں رہے گا، خطے کا امن عالمی معیشت اور استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔
وفاقی کابینہ نے ایران امریکا جنگ بندی کا تسلسل عالمی امن کی ضمانت قرار دیا، تنازع کے پرامن حل کیلئے ’’پل‘‘کا کردار جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا، سعودی عرب، ترکیہ اور قطر کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
اجلاس میں مستقل جنگ بندی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے تکنیکی تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے فریقین پر قیام امن کیلئے مستقل جنگ بندی پر زور دیا۔
شہبازشریف اور فیلڈ مارشل کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہے جانے پرقرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
مسلم لیگ ن نے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہے جانے پر قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی، قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی عظمیٰ کاردارکی جانب سے کرائی گئی ۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہبازشریف ، عاصم منیر اور اسحاق ڈار کی کاوشوں سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کا اہم کردار سامنے آیا جس سے عالمی تباہی کا خطرہ ٹل گیا،اگر امن معاہدہ کےلئے پاکستان کی کاوشیں نہ ہوتیں تو دنیا میں ایٹمی جنگ کا خطرہ رہتا۔ بے گناہ لوگ مارے جاتے اور دنیا کی معیشت تباہ ہوجاتی،پاکستان کی کامیاب سفارتکاری سے اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے اور امریکہ اور ایران کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی،دنیا اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان نے امن قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا،اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں،مسلم اُمہ کی نظریں پاکستان پر ہیں جس سے ایران امریکہ اتحاد کیلئے امیدیں بڑھ گئی ہیں
معرکہ حق میں بھارت کی شکست سے دنیا میں پاکستان کی عسکری برتری تسلیم کر لی گئی،پاکستان دنیا میں امن کےلیے ایران امریکہ اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ کی کاوشیں جاری رکھے گا،ایران امریکہ مذاکرات سے برطانیہ، یورپی ممالک اور کینیڈا کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے،دس اپریل کے اسلام آباد مذاکرات کو تاریخی اہمیت حاصل ہوگئی ہے،یہ ایوان شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر کیلئے نوبیل انعام کی تجویز پیش کرتا ہے، بہترین سفارت کاری سے پاکستان نے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لا کھڑا کیا،پاکستان ایران امریکہ امن معاہدے کیلئے کامیاب ثالثی پالیسی سے دنیا کو امن کا گہوارہ بنائے گا۔
حکومت کا اے آئی میں 1 ارب ڈالرسرمایہ کاری منصوبے پرعملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ، ذرائع
وفاقی حکومت نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں ایک ارب ڈالرسرمایہ کاری منصوبے پر عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری 2030 تک مرحلہ وار کی جائے گی ، منصوبے کا مقصد اے آئی کے جدید نظام تک سستی رسائی فراہم کرنا ہے، وزارت آئی ٹی، اے آئی کیلئے بنیادی انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ منصوبہ شروع کرےگی،اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کے ذریعے اے آئی انفرا اسٹرکچرکا منصوبہ شروع کیا جائےگا،اے آئی کی ترقی کیلئے جدید کمپیوٹنگ پاور اور جی پی یوز فراہم کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہناتھا کہ سرکاری اور پرائیویٹ شعبے کو کمپیوٹنگ پاور،گرافکس پروسینگ یونٹس فراہم کیے جائیں گے،اے آئی کی تحقیق اور ترقی کے لیے صنعتوں کو وسائل فراہم کیے جائیں گے، جی پی یوز کی فراہمی مصنوعی ذہانت، ڈیٹا جائزے،مشین لرننگ میں مدد گارہوں گے،پاکستانی حکومت کےیہ اقدام ملک کی عالمی ٹیکنالوجی،مسابقتی پوزیشن مزید مستحکم کریں گے،پاکستان میں اے آئی کے لیے سرمایہ کاری سے کاروباروں اور محققین کو فائدہ ہو گا، اے آئی میں سرمایہ کاری کے نتیجے میں پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی کی راہ ہموار ہوگی۔
ایران امریکا ثالثی میں اہم پیشرفت،وزیراعظم شہبازشریف کا ولی عہد کی دعوت پرسعودی عرب جانے کا امکان
وزیراعظم شہبازشریف مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پیش نظر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جس کے بعد وہ ترکیہ جائیں گے۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ دورے کےدوران وزیراعظم شہبازشریف سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے،جس میں اہم علاقائی اورعالمی امورپرتبادلہ خیال کیاجائےگا،ملاقات میں امریکا اورایران کے درمیان مذاکرات کےآئندہ لائحہ عمل پرتبادلہ خیال متوقع ہے،اس کےعلاوہ کشیدگی میں کمی اور مستقل جنگ بندی کے امکانات پر بھی گفتگو کا امکان ہے۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اورقیام امن کےامورپربھی بات چیت کا امکان ہے،پاک سعودی تعلقات کومزید مضبوط بنانےکےاقدامات پربھی گفتگوہوگی،خطےمیں امن واستحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان اعلیٰ سطح کےرابطےاورمشاورت جاری ہے،ایک ماہ سےبھی کم عرصے میں وزیراعظم کادوسرادورہ ہوگا،وزیراعظم کےدورے کی تفصیلات حکومت نےابھی تک جاری نہیں کیں۔
دوسری جانب پاکستان نے ایران اور امریکا کےدرمیان جنگ بندی کی توسیع کے لیے کوششیں شروع کر دیں،وزیراعظم شہبازشریف نے قریبی رفقاء سے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کےمطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ کےسینئر اراکین،اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے،ایران امریکا مذاکرات کےبعد کی صورتحال کاجائزہ لیاجائےگا،وزیراعظم مذاکرات کےحوالےسےقیادت کےکردارپراظہار خیال کریں گے،جنگ بندی پرعملدرآمد اور توسیع کے حوالے سے کاوشوں پرغور ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی پیٹرمگیار کو ہنگری کے پارلیمانی الیکشن جیتنے پر مبارکباد
وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹر مگیار کو ہنگری کے پارلیمانی الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نےایکس پراپنے پیغام میں کہا پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،مستقبل میں ہنگری کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
ہنگری کی اپوزیشن جماعت "تیسزا پارٹی" نے حیران کن کامیابی حاصل کرتے ہوئے وزیراعظم وکٹر اوربان کی جماعت فیدیز کو واضح شکست دے دی ہے۔
واضح رہے کہ وکٹر اوربان گزشتہ 16 برس سے ہنگری کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کو برطانوی وزیراعظم کا ٹیلی فون، مذاکرات کی میزبانی پر مبارکباد دی
وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران کیئر اسٹارمر نے امریکا ایران جنگ بندی اور مذاکرات کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے مخلصانہ عزم کا اعادہ کیا۔
کیئراسٹارمر نے اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی ۔ برطانوی وزیراعظم نے اس عمل کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی رہنماؤں کے مشترکہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کی۔ پاکستان اور برطانیہ کے وزرائےاعظم نے جنگ بندی برقرار رہنے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے سازگار ماحول فراہمی پر اتفاق کیا۔ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی ہم منصب کو ایک بار پھر دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا ڈیزل 135 روپے اور پیٹرول 12 روپے سستا کرنے کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے ڈیزل 135 روپے اور پیٹرول 12 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کر دیاہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے سے کم ہو کر 385 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 366 روپے ہو جائے گی ، نئی قیمتوں کا اطلاق آ ج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے موقع پر جب اللہ کے کرم سے خلیج میں اب جنگ نہیں بلکہ امن کی باتیں ہو رہی ہیں وہ فریقین جو کل تک جنگ میں آمنے سامنے تھے ، خطہ تباہی کا منظر تھا، آج الحمداللہ دونوں فریقین بات چیت کے ذریعے معاملات کو طے کرنے پر راضی ہو چکے ہیں، میں اس انتہائی اہم پیشرفت پر اپنے برادر ملک ایران اور امریکہ کی لیڈرشپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتاہوں ، جنہوں نے میری تجویز قبول کرتے ہوئے نہ صرف عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا بلکہ میری پرُخلوص دعوت پر دونوں ممالک کی لیڈرشپ اسلام آباد تشریف لارہی ہیں جہاں پر امن کے قیام کیلئے مذاکرات ہوں گے، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے میزبانی کا جو شرف دیا ہے یہ صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ عالم اسلام کیلئے لمحہ فخریہ ہے جس کیلئے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ان نازک ترین لمحات میں پاکستان کی لیڈرشپ نے انتہائی محتاط انداز میں مگر بڑے اعتماد کیساتھ دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر نہ صرف راضی کیا بلکہ اسلام آباد آنے کیلئے پرُخلوص دعوت دی اس کیلئے میں اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کو دن رات محنت پر خراج تحسین پیش کرتاہوں، خاص طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتاہوں جنہوں نے انتھک محنت سے جنگ کے شعلے بجھانے اور فریقین کو مذاکرات پر راضی کرنے کیلئے ایک کلیدی اور تاریخ ساز کردار ادا کیا، اس حوالے سے فیلڈ مارشل کی ان خدمات کو تاریخ ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ عارضی جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ، مگر اب اس سے بھی زیادہ کٹھن مرحلہ دیر پا جنگ بندی کا ہے، وہ مذاکرات کے ذریعے الجھے ہوئے مسائل کو حل کرنے کا مرحلہ ہے ، میں آپ سب سے درخواست کروں گا کہ آپ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان مذاکرات کو اپنی مہربانی سے کامیاب فرمائے اور اس طرح ان گنت معصوم زندگیاں بچ جائیں گی اور دنیا میں امن قائم ہو جائے گا۔ اس کیلئے کل دونوں ممالک کی لیڈرشپ اسلام آباد انشاء اللہ موجود ہوگی ، پاکستانی قیادت ان مذاکرات کو کامیاب کرانے کیلئے اپنی پوری کوشش کرے گی ، باقی نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب سے یہ قیامت خیز مہنگائی کا طوفان آیاہے ، میں نے آپ سے یہ وعدہ کیا تھا کہ جونہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گریں گی میں انشاء اللہ وہ فائدہ فی الفور آپ تک پہنچاوں گا۔ آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے اور مجھے یہ مشور ہ دیا گیا کہ پچھلے چند ہفتوں میں آپ تک اس قیامت خیز مہنگائی کو روکنے کیلئے جو حکومت پاکستان نے اپنے وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کیئے تھے ان اخراجات کو کم کرنے کیلئے اب جو تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اس کا کچھ حصہ عوام کو پہنچایا جائے اور کچھ حصہ روک کر 129 ارب روپے کےاخراجات میں کمی لانے کیلئے استعمال کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب سے یہ قیامت خیز مہنگائی کا طوفان آیاہے ، میں نے آپ سے یہ وعدہ کیا تھا کہ جونہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گریں گی میں انشاء اللہ وہ فائدہ فی الفور آپ تک پہنچاوں گا۔ آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے اور مجھے یہ مشور ہ دیا گیا کہ پچھلے چند ہفتوں میں آپ تک اس قیامت خیز مہنگائی کو روکنے کیلئے جو حکومت پاکستان نے اپنے وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کیئے تھے ان اخراجات کو کم کرنے کیلئے اب جو تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اس کا کچھ حصہ عوام کو پہنچایا جائے اور کچھ حصہ روک کر 129 ارب روپے کےاخراجات میں کمی لانے کیلئے استعمال کیا جائے لیکن میں نے ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر یہ تجویز مسترد کر دی ۔اس لیئے کہ جب قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں اور مہنگائی کا بوجھ آن پڑا ، میں نے اس بات کا خود مشاہدہ کیا آپ نے کتنے صبر اور تحمل سے وہ مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا، آج جب قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے تو میں اس کو اپنی اخلاقی سیاسی ذمہ داری سمجھتاہوں کہ اس کمی کا ایک ایک روپیہ آپ کے قدموں میں نچھاور کیا جائے ۔
شہبازشریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ اس کے علاوہ آج کے اعلان کے حوالے سے جہاں تیل کی قیمت میں کمی ہوئی وہیں حکومت نے دیگر ذرائع سے کچھ وسائل جمع کرکے اور مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے کیونکہ گندم کی کٹائی شروع ہو چکی ہے، اس مرحلے پر اپنے محنتی کسان کیلئے لاگت کم کرنا انتہائی ضروری ہے ، اگر یہ نہ ہوا تو کسان کی محنت ضائع ہو جائے گی بلکہ عام شہری کے گھر میں کھانے پینے کی اشیاء بھی مہنگی ہو جائیں گی، لہذا ڈیزل کی قیمت میں فی الفور 135 فی لیٹر کمی کا اعلان کرتاہوں ، ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر ہے وہ آج رات 12 بجے کم ہو کر 385 روپے فی لیٹر ہو جائے گی جس سے نہ صرف ذرعی شعبے میں آسانی ہو گی وہاں پر عام آدمی کیلئے پبلک ٹرانسپورت کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی، اسی طریقے سے پیٹرول کی قیمت میں پچھلے ہفتے 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا اس میں آج مزید 12 روپے کمی کا اعلان کر رہاہوں اور اس طرح پیٹرول کی قیمت 378 سے کم ہو کر 366 روپے فی لیٹر ہو جائے گی ۔
سعودی وزیر خزانہ کا دورہ پاکستان،وزیراعظم سے ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر گفتگو
سعودی عرب کے وزیر خزانہ عبداللہ الجدعان پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ، وزیراعظم شہبازشریف نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا ، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر بات چیت ہوئی جبکہ توانائی، انفراسٹرکچر اور مالیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مزید مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا، وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ساتھ مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا، خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع کا کہناتھا کہ سعودی وزیر خزانہ کی جانب سے امریکا،ایران مذاکرات کا خیرمقدم کیا گیا،علاقائی استحکام کیلئے امریکا ایران مذاکرات مثبت پیش رفت قرار دی جارہی ہے ،پاکستان نے خطے میں امن واستحکام کیلئے تعمیری کردار جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا ۔
پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ،دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیر خزانہ کی کاروباری تنظیموں کیساتھ میٹنگ، نئے بجٹ میں سپر ٹیکس کے خاتمے یا کمی کی یقین دہانی
نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے کاروباری تنظیموں کی ورچوئل میٹنگ کی اندرونی کہانی بھی منظر عام پر آ گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے نئے بجٹ میں سپر ٹیکس کے خاتمے یا کمی کی یقین دہانی کرا دی،رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں تیزی لانے کیلئے جلد پیکیج کا اعلان کیا جائے گا،دبئی سے زرمبادلہ کی واپسی، ترسیلات زر میں بہتری ریکارڈ کی گئی ،غیرمنقولہ جائیداد پر فرضی آمدن پر عائد ٹیکس کے خاتمے کی تجویز بھی ہے ۔
ذرائع کا کہناہے کہ کاروباری طبقے نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے پیکج کا اعلان بجٹ سے پہلے کرنے کا مطالبہ کر دیاہے ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشرق وسطیٰ جنگ کی وجہ سے دبئی سے سرمایہ پاکستان آنا شروع ہو گیاہے ، انکم ٹیکس سے متعلق قانون کی شق سیون ای واپس لینےکا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اورسیز پاکستانیوں کو رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کیلئے مراعات دینے کی تجویز ہے،حکومت نے نئے بجٹ میں تنخواہ دار طبقےکو ریلیف دینے کا عندیہ بھی دے دیا ہے جبکہ کاروباری تنظیموں نے برآمدی شعبے کیلئے ٹیکس ریٹس میں کمی کامطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہناتھا کہ ورچوئل اجلاس میں ایس ایم ایز سیکٹر کو آسان قرضوں کی فراہمی ، سرمایہ کاری کیلئے مراعات،صنعتی مشینری وخام مال پر ٹیکس کم کرنے کا مطالبہ کیا گیاہے ۔کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس میں کمی، ایئر آف ڈوئنگ یقینی بنانے پر زور دیا گیا ۔
آئی ٹی، فارما سیوٹیکل، معدنیات، کان کنی، زرعی شعبے کو ریلیف دینے ، مختلف شعبوں کیلئے صنعتی پالیسی کا جلد اعلان کرنے کامطالبہ کیا گیا ۔ٹیکس شعبے کی مرحلہ وار ڈیجیٹلائزیشن اور قواعد و ضوابط میں آسانی پر زور دیا ہے۔
پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ،21 ارب 89 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گئے
سٹیٹ بینک کے مطابق ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی ڈالر ذخائر بڑھ کر 21 ارب 89 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر میں 1 کروڑ 86 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 16 ارب 40 کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے فارن کرنسی اکاؤنٹس میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں ایک ہفتے میں 8 کروڑ 68 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا اور مجموعی حجم 5 ارب 50 کروڑ ڈالر ہو گیا۔
شہبازشریف سے امیرقطر، فرانسیسی صدر، بحرین کے فرمانروا،آسٹریا کے وفاقی چانسلر کا ٹیلی فونک رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف سے امیر قطر، فرانس کے صدر ، بحرین کے فرمانروا اور آسٹریا کےوفاقی چانسلر کرسچن اسٹوکر نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران تینوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی ۔ اسلام آباد امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر تمیم بن حمدالثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران امیرقطرتمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی۔امیر قطر کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا میں جنگ بندی اور فریقین کے درمیان مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نے قطری قیادت کی دانشمندی اور تدبر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قطر نے مسلسل حملوں کا سامنے کرنے کے باوجود مثالی تحمل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان اور قطر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔
شہبازشریف نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت پر فرانسیسی صدر میکرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا ۔ دونوں رہنماؤں کا لبنان کے خلاف جاری جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار ۔ خطے میں بحالی امن کیلئے تشدد و خونریزی فوری ختم کرنے پر زور دیا اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں باہمی رابطے میں رہنے پراتفاق کیا ۔
بحرین کے فرماںروا شاہ حمد بن عیسیٰ نے ایران امریکا جنگ بندی کی کامیاب کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا اس پیش رفت سے خطے میں دیرپا امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں ۔ شہبازشریف نے حالیہ حملوں کے تناظر میں بحرینی قیادت کے مثالی تحمل کو سراہا ۔ جبکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن اسٹوکر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے ان کی قیام امن کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے امن کی کوششوں کی بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔۔ کرسن اسٹوکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کاوشوں سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔
وزیراعظم سے فیلڈمارشل کی ملاقات، پائیدار امن کیلئے کوششوں کی پیشرفت کا جائزہ
وزیراعظم شہبازشریف سے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملاقات کی جس دوران خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے کوششوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ملاقات کےدوران حالیہ کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور زور دیا کہ تمام فریقین امن اور جنگ بندی کو برقرار رکھیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم اور فیلڈمارشل نے فریقین کے تحمل کو سراہا اور اعادہ کیا گیا کہ پاکستان فریقین کو حتمی معاہدے تک پہنچنے میں مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امن عمل میں شامل فریقین کے عزم کو بھی سراہا، شہبازشریف نے امن کے حصول کی کوششوں میں ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔
شہبازشریف نے آنے والے وفود کو اپنی دعوت کا اعادہ بھی کیا، وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سےمکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔
وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع
پنجاب اسمبلی میں نوبل امن انعام کیلئے پاکستانی قیادت کی نامزدگی سے متعلق قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عاصم منیر کو نوبل امن انعام کیلئے نامزد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ رانا محمد ارشد کی جانب سے جمع کروائی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قیادت کی بروقت اور مؤثر سفارت کاری کے نتیجے میں خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کی راہ ہموار ہوئی۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ کشیدگی عالمی امن کیلئے ایک سنگین خطرہ بن چکی تھی اور کسی بھی وقت یہ تنازعہ بڑے عالمی بحران میں تبدیل ہو سکتا تھا۔
تاہم پاکستان کی سفارتی کوششوں نے اس خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پنجاب اسمبلی پاکستانی قیادت کی بروقت اور مؤثر سفارت کاری کو سراہتا ہے۔
نادرا کی شہریوں کو میعاد ختم ہونے سے پہلے شناختی کارڈ کی تجدید کی ہدایت
نادرا نے شہریوں کو میعاد ختم ہونے سے پہلے شناختی کارڈ کی تجدید کی ہدایت دے دی، میعاد ختم ہونے پر بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز اور دیگر سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے پر شہری نہ صرف بینک اکاؤنٹس اور موبائل سمز بلکہ دیگر سرکاری اور فلاحی سہولیات سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔نادرا ریکارڈ کے مطابق کروڑوں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کی میعاد ختم ہو چکی ہے، جنہیں فوری تجدید کی ضرورت ہے۔ شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے یاد دہانی بھی کرائی جاتی ہے۔ 18سال عمر ہونے پر نوجوانوں کو فوری طور پر اپنا شناختی کارڈ بنوانا چاہیے۔
ی ٹی اے کی ہدایات کے مطابق موبائل سروس کیلئے فعال شناختی کارڈ لازمی ہے اور شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے پر موبائل سمز بلاک ہو سکتی ہیں۔ اکیاسی لاکھ سے زائد سمز ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر فعال ہیں، لہٰذا فوری تجدید ضروری ہے۔ فوت شدگان کے نام پر رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہیں، اس لیے شہریوں کو متوفی رشتہ داروں کے سمز اپنے نام پر منتقل کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق جون کے بعد تاخیر سے تجدید پر اضافی فیس اور جرمانہ عائد ہونے کا امکان ہے۔ تجدید کیلئے شہری نادرا مراکز، پاک آئی ڈی ایپ اور ای سہولت کا سہارا لے سکتے ہیں۔
ترک صدر کا وزیراعظم کو ٹیلی فون، خطے میں کشیدگی رکوانے پر مبارکباد دی
وزیراعظم شہباز شریف سے ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی امن کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے تاریخی اقدام پر مبارکباد دی۔
صدر اردوان نے خلیج میں تباہ کن تنازع ختم کرانے کی کوششوں پر شہباز شریف کی جرات مندانہ اور سمجھدار قیادت کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے باعث بے پناہ انسانی مصائب اور بنیادی ڈھانچے کی بڑی تباہی ہوئی۔ترک صدر نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی امن کوششوں کی حوصلہ افزائی پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے خطے اور عالمی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی رابطہ کیا جس دوران دونوں رہنماؤں نے دوہفتوں کی جنگ بندی پر تبادلہ خیال۔ ترک صدر نے کہا کہ جنگ بندی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا جانا چاہئے،ترکیہ سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا ،پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ مل کر پائیدار حل کو آگے بڑھائیں گے۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں سے قابل ذکر ڈالرز موصول
اسٹیٹ بینک نے اوورسیز پاکستانیوں کی وطن بھیجی گئی ترسیلات زر کا ڈیٹا جاری کر دیا ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں سے قابل ذکر ڈالرز موصول ہوئے ، مارچ میں اوورسیز پاکستانیوں نے 3 ارب 83 کروڑڈالر وطن بھیجے ۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زرمیں ماہانہ بنیاد پر 17 فیصد اضافہ ہوا تاہم سالانہ بنیاد پر5.5فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، مارچ میں سب سےزیادہ زرمبادلہ سعودیہ سے 92 کروڑ ڈالر وطن آئے، یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے مارچ میں 82 کروڑ ڈالر وطن بھیجے، مارچ میں برطانیہ سے پاکستانیوں نے تیسری بڑی رقم 59 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔
امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے 36 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ وطن بھیجا،رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں پاکستان کو 30 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کی ترسیلات زر کے مقابلے میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
جنگ بندی میں کامیابی پوری قوم کی عزت ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا کابینہ اجلاس سے خطاب
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حالیہ سفارتی کامیابی اور جنگ بندی پوری قوم کے لیے عزت کا باعث ہے اور آج دنیا پاکستان کو احترام اور وقار کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک بدلا ہوا پاکستان ہے جس نے عالمی سطح پر اپنا مثبت کردار ثابت کیا۔ انہوں نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سمیت تمام وفاقی وزراء اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اپنا قائد قرار دیتے ہوئے ان کی رہنمائی پر اظہار تشکر کیا، جبکہ صدر آصف علی زرداری کی معاونت کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کے تعاون کا بھی ذکر کیا۔
شہباز شریف نےبتایا کہ امریکی اور ایرانی وفود ان کی دعوت پر پاکستان آ رہے ہیں، جبکہ جنگ بندی کو امن کی جانب پہلا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حتمی ہدف خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کا قیام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کل میری سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس دوران سعودی عرب پر حملے پر اظہار افسوس کیا، سعودی ولی عہد نے کہا کہ ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے ، ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
شہبازشریف نے کہا کہ میں سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور چین کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔ وزیراعظم کے مطابق امریکی صدر نے ان کی درخواست پر دو ہفتوں کی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی جبکہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی اس اپیل کو قبول کیا، جس پر میں ایرانی اور امریکی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کا کہ ایک ماہ سے زائد عرصے تک نائب وزیراعظم اپنی ٹیم کے ساتھ کام کرتے رہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے اور امریکی اور ایرانی قیادت سے رابطے رہے، راتوں کو جاگ کر یہ سفر طے ہوا ہے، اپنے 40 سال کے کیریئر میں سیاسی و عسکری قیادت کی ایسی کوآرڈینیشن نہیں دیکھی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل نے سیاسی قیادت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کوشش کی، اللہ تعالیٰ پر کامل یقین ہو اور کر گزرنا ہو تو اللہ تعالیٰ مدد کرتاہے۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت عطافرمائی ہے، ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے، جنگ خطے سمیت پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رہی تھی، ہم جتنی بھی کوشش کر لیتےاللہ کو منظور نہ ہوتا تو یہ ممکن نہ تھا، جنگ کے شعلے 2 ہفتے کیلئے بجھ گئے، اللہ کو منظور ہوا تو جنگ کے شعلے ہمیشہ کیلئےبجھ جائیں گے، سیاسی اور عسکری قیادت یکسوتھی ہے اور رہےگی، جنگ میں بھائی کوبھائی سے لڑانے کی کوشش کی جارہی تھی، اندرونی اور بیرونی سازشیں ہوئیں، ٹوکیو سے لندن تک سب پاکستان کاذکر کر رہے ہیں،ایسا منظر کبھی نہیں دیکھا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار
وزیراعظم شہبازشریف نے جنگی علاقے میں چند مقامات پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں امن عمل کی روح کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، وزیراعظم نے تمام فریقین سے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ۔
انہوں نے کہا کہ طےشدہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کا احترام کیا جائے،جنگ بندی برقرار رہی تو سفارتکاری کو تنازع کے پُر امن حل کا موقع ملے گا،خطے میں پائیدار امن کیلئے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ آج صبح پاکستان کی ثالثی کی کوششیں رنگ لائیں اور امریکہ نے ایران پر اپنا بڑا حملہ 20 روز ملتوی کرتے ہوئے جنگ بندی پر اتفاق کیا جبکہ ایران نے بھی آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور 10 اپریل کو اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت کو قبول کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔
کابینہ اجلاس کا اعلامیہ
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیاہے جس میں کہا گیاہے کہ شہبازشریف کی کابینہ اجلاس میں آمد پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا، وزیراعظم شہباز شریف نے تمام کابینہ ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِاعظم نےخلیج میں کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کی کوششوں پر اعتماد میں لیا ، وفاقی کابینہ نے وزیراعظم،نائب وزیراعظم اور فیلڈمارشل کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم و وفاقی کابینہ نے قوم سے جمعہ کو مستقل امن و پاکستان کیلئے خصوصی دعاکی اپیل بھی کی ۔
کابینہ ارکان نے پاکستان کی سفارتی محاذ پر کوششوں اور دنیا بھر میں پذیرائی کو تاریخی قرار دیا، وفاقی کابینہ نے ملکی معاشی ترقی کیلئے محنت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا،مخلصانہ کوششوں سے خطہ مستقل امن کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
کابینہ اراکین نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈمارشل نے انتہائی کشیدہ اور ناامیدی کی فضا میں فریقین کو جنگ بندی پر راضی کیا،دنیا بھر میں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیاہے۔
تاریخ میں شائد اتنی خوشی اور فخر کا لمحہ آیا ہو، یورپی ممالک اور ہمارے تمام دوست تعریف کر رہے ہیں: خواجہ آصف
اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس دوران خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں شاید اتنی خوشی اور فخر کا لمحہ آیا ہو،گزشتہ سال ازلی دشمن کو دھول چٹائی،پاکستان کا قد کاٹھ عالمی افق پر نمایاں ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ یورپی ممالک ہمارے تمام دوست پاکستانی قیادت کی تعریف کر رہے ہیں،قیادت کی بصیرت کوداد دیتا ہوں، فتح کی صورت میں نتیجہ نکلا،امریکی صدر نے متعدد بار پاکستان کی تعریف کی جس کا ادراک بھارت میں بھی ہے،ہمارے اندر تنازعات ہیں،تاہم افغانستان کے محاذ پر بھی جنگ لڑ رہے ہیں۔
اس سے قبل پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان دنیا کی بہت بڑی جنگ رکوانے میں کامیاب ہوا ہے، مودی فارغ ہوگیا، اس کے پلےکچھ نہیں رہا، بھارتی میڈیا اب تڑپتا رہےگا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سب کو بہت بہت مبارک ہو، اللہ نے پاکستان کو دنیا بھر میں عزت دی، پاکستان کو بااعتماد ثالث کے طور پر خطے اور پوری دنیا میں تسلیم کیا گیا ہے، عرب بھائیوں،عالمی طاقت امریکا سمیت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔
انہوں نےکہا کہ کل شام تک جنگ کےگہرے بادل چھائے ہوئے تھے، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہبازشریف کی جنگ بندی کے حوالے سےکوششیں رنگ لے آئیں، جنگ بندی میں کامیابی کے بعد پاکستان سیاسی طور پر بھی ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، اب استحکام بھی ہوگا اور ہم معیشت پر بھی توجہ مرکوز کرسکیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سول اور عسکری قیادت پر مشتمل ہائبرڈ ماڈل نے دو تین سال میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹیں، ثابت ہوتا ہے طاقت کے مراکز مل کرکام کریں تو پاکستان عالمی سطح پرکتنی کامیابیاں حاصل کرسکتا ہے۔
وزیر وفاع کا کہنا تھا کہ مودی فارغ ہوگیا،اس کے پلے کچھ نہیں رہا، بھارتی میڈیا اب تڑپتا رہےگا، ہم نے پانچ گنا بڑے شمن کو دھول چٹائی، بھارت ابھی تک اپنی عزت بحال کرنےکی کوشش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم اب ہمیں داخلی محاذ، معیشت اور دہشت گردی سے نمٹنے کی ضرورت ہے، افغانستان کو بھی اس بات کی حیا کرنی چاہیے جو ہم نے اتنے برس میزبانی کی، اگر افغانستان اس میزبانی کا لحاظ نہیں کرتا تو ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کی صدر ٹرمپ سے ڈیڈ لائن 2 ہفتے بڑھانے اور ایران سے آبنائےہرمز کھولنے کی اپیل
وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ڈیڈلائن کو 2 ہفتوں تک بڑھانے اور ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کی اپیل کر دی ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں مسلسل، مضبوط اور مؤثر انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں اور امید ہے کہ مستقبلِ قریب میں اس کے ٹھوس نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارت کاری کو اپنا راستہ اختیار کرنے کا موقع دینے کے لیے میں ڈونلڈ ٹرمپ سے پُرخلوص درخواست کرتا ہوں کہ وہ مقررہ مہلت میں دو ہفتوں کی توسیع کریں۔ پاکستان پوری نیک نیتی کے ساتھ ایرانی بھائیوں سے بھی درخواست کرتا ہے کہ وہ خیر سگالی کے جذبے کے تحت دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمزکو کھول دیں۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ ہم تمام جنگ میں شامل فریقین سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ دو ہفتوں کے لیے ہر جگہ جنگ بندی کریں تاکہ سفارتی کوششوں کو کامیابی کے ساتھ جنگ کے حتمی خاتمے تک پہنچنے کا موقع مل سکے، جو خطے میں طویل مدتی امن اور استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔
Diplomatic efforts for peaceful settlement of the ongoing war in the Middle East are progressing steadily, strongly and powerfully with the potential to lead to substantive results in near future. To allow diplomacy to run its course, I earnestly request President Trump to extend…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 7, 2026
شہبازشریف کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، الجبیل آئل تنصیبات پر حملے کی مذمت
وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران سعودی عرب میں الجبیل آئل تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیراعظم نے سعودی عرب کےساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور عوام ہمیشہ سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے،سعودی قیادت اور عوام نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے،وزیراعظم نے موجودہ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کے تحمل اور دانشمندی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا، شہباز شریف نےخادم الحرمین الشریفین کیلئے نیک تمناؤں اور پرتپاک سلام کا اظہار بھی کیا۔
سعودی ولی عہد نےخطے میں امن واستحکام کی بحالی کیلئےپاکستان کی کوششوں کوسراہا۔
وزیراعظم،فیلڈ مارشل جنگ بندی کے لیے نان اسٹاپ کوششیں کررہے ہیں،اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر ایران امریکہ جنگ بندی کے لیے نان سٹاپ کوششیں کررہے ہیں ، پاکستان کو کسی تمغے کی خواہش نہیں، بلکہ مقصد خطے میں امن کا قیام ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایوان بالا کو ایران امریکہ جنگ بندی کے لیے جاری کوششوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک نے پاکستان کی ثالثی اور سہولت کاری پر اتفاق کیا اور اسلام آباد میں بات چیت کو قابل قبول قرار دیا۔ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے امریکہ کی پندرہ نکاتی شرائط اور ایران کی پانچ نکاتی شرائط ایک دوسرے تک پہنچائیں ۔ ہمیں کوئی شوق نہیں کہ کوئی ہمیں تمغہ دے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بے پناہ کوشش کی ہے ۔ میں نے بھی بطور وزیرخارجہ اپنی پوری کوشش کی ہے ۔ ہماری کوششوں سے جنگ میں وقفہ آیا ۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ
کل رات خطرناک پیش رفت ہوئی ۔ دونوں فریقین کے بیٹھنے کے مرحلہ پر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ۔ ایران نے سعودی عرب میں جبیل میں آئل تنصیبات پر حملہ کیا ۔ کل رات سے پہلے بہت پرامید تھا کہ معاملہ جلد حل ہوگا ۔معاملہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نان سٹاپ لگے ہوئے ہیں ۔
پاکستان نے 1.43 ارب ڈالر کا قرض بروقت ادا کر دیا
پاکستان نے 1.43 ارب ڈالر کا قرض بروقت ادا کر دیا ہے، 8 اپریل کو واجب الادا 1.3 ارب ڈالر کا یورو بانڈ مکمل طور پر ادا کر دیا گیا، جبکہ دیگر یورو بانڈز پر 126 ملین ڈالر سے زائد سود کی ادائیگی بھی کر دی گئی، جس سے مجموعی ادائیگی 1.42 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ قرض کی تمام ادائیگیاں معمول کے مطابق اور بغیر کسی دباؤ کے مکمل کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت سے ملکی معیشت میں استحکام اور بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، جبکہ زرمبادلہ ذخائر اور مالی گنجائش میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ کے مطابق سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور قرض مینجمنٹ میں نظم و ضبط مضبوط ہوا ہے، جس کے باعث پاکستان کی عالمی مالیاتی ساکھ بھی بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے۔
حالیہ کشیدگی اورچیلنجزکےباوجود خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات جاری ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نےکہاحالیہ کشیدگی اور چیلنجز کے باوجود خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات جاری ہیں،کامیاب سفارتکاری کے ذریعے خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات کی رسد یقینی بنائی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اہم اجلاس میں بجلی کی طویل مدتی منصوبہ بندی اور ملکی برآمدات کی پیشرفت کاجائزہ لیاگیا،وزیراعظم نےکہاخطےکی کشیدہ صورتحال کےباعث تیل کی رسد میں رکاوٹیں آئیں،تاہم قابل تجدید توانائی کےمناسب حصےکی بدولت توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا، انہوں نے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کےمنصوبے پرکام تیزکرنےاورقابل تجدید توانائی کےذرائع کومزید وسعت دینے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم کوبجلی کی پیداوار کےطویل مدتی لائحہ عمل،ملکی برآمدات کے لئے مواقع اور چیلنجز پر بریفنگ دی گئی،بجلی کی کل پیداوارمیں 55 فیصدحصہ قابل تجدید ذرائع اور 45 فیصد حیاتیاتی ایندھن کا ہے،اگلے 10 سال میں بجلی کی قابل تجدید ذرائع سے پیداوار 90 فیصد تک لےجانےکا منصوبہ ہے، حیاتیاتی ایندھن سے پیداوار 10 فیصد تک لے جانے کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایاگیاکہ خلیجی ممالک میں پاکستانی زرعی اجناس کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے،جبکہ کامیاب سفارتکاری کے ذریعے برآمدات کی رسدکو یقینی بنایاگیا ہے،وزیراعظم نے پی این ایس سی کو ہدایت دی کہ سمندری راستے سے برآمدات بڑھانے کے لیے مزید بحری جہازوں کا انتظام کیا جائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار،وفاقی وزراء احسن اقبال،رانا تنویر،جام کمال، مصدق ملک،احد چیمہ،محمد اورنگزیب،عطا اللہ تارڑ،علی پرویزملک،سردار اویس لغاری، جنید انور چوہدری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور ہارون اختر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
نئے بجٹ سے پہلے منی بجٹ نہیں آئے گا، وزیراعظم شہباز شریف کا دوٹوک مؤقف
وزیراعظم شہبازشریف نےنئےبجٹ سے قبل منی بجٹ لانے کی خبروں کو مسترد کردیا,مئی کے آخری ہفتے میں بجٹ پیش کرنےکی تجویزمسترد،نئےمالی سال کا بجٹ جون کےپہلےیا دوسرے ہفتے میں لائے جانےکا امکان ہے۔
حکام ایف بی آر کےمطابق وزیراعظم شہبازشریف نےمنی بجٹ کےذریعے مختلف ٹیکس کی تجاویز مسترد کردیں،وزیراعظم کومشرق وسطی کی کشیدگی کے باعث ٹیکس آمدن بڑھانے کےلیےتجاویز پیش کی گئیں، جس پر انہوں نے کسی بھی نئے ٹیکس لگانے یا ٹیکس ریٹ بڑھانےکی تجویز مسترد کر دی ہیں۔
وزیراعظم کاکہنا ہےکہ تیل کی قیمتوں سےعوام پریشان،مزیدٹیکس لگانے یامنی بجٹ لانےکا مت سوچیں، مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے باعث بجٹ تجاویز میں مفصل مشاورت کا حکم دیا ہے،آئی ایم ایف کومشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کےپیش نظراہداف پرنظرثانی کیلئےمنانےکی تجویز سامنے آئی ہے۔
ذرائع کےمطابق آئندہ بجٹ کی ترجیحات حالات کےمطابق تبدیل کیےجانےکاامکان ہے،آئندہ بجٹ میں افراط زر،مالیاتی خسارے سمیت اہم اہداف متاثرہونےکا خدشہ ہے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارےکی 3 سالہ بجٹ حکمت عملی سے اہداف بری طرح متاثرہوسکتے ہیں۔
آئی ٹی برآمدات اورفری لانسرزکی آمدنی بڑھانے کیلئے اسٹیٹ بینک کا بڑا فیصلہ، نئی سہولتیں متعارف
آئی ٹی برآمدات اور فری لانسرزکی آمدنی بڑھانے کیلئے فیصلہ کر لیا گیا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئی ٹی برآمد کنندگان اور فری لانسرز کیلئے نئی سہولتوں پر مبنی اصلاحات متعارف کروا دی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اصلاحات کا مقصد برآمدی آمدنی کی وصولیوں کو آسان و دستاویزی معیار بڑھانا ہے،آئی ٹی کمپنیز اور فری لانسرز کو اب ہر برآمدی لین دین کیلئےفارم"R"جمع نہیں کرانا ہو گا، اب آئی ٹی کمپنیز،فری لانسرز اکاؤنٹ کھولتے وقت ایک بار مکمل تفصلات فراہم کرینگے، تفصیلات میں بیرون ملک فراہم کی جانیوالی خدمات کی نوعیت واضح بتانا ہو گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق موجودہ آئی ٹی کمپنیز،فری لانسرز ضرورت پڑنے پر تفصیلات فراہم کریں گے،اسپیشل فارن کرنسی اکاؤنٹس سے آنیوالی برآمدی رقوم بینکوں کو 24 گھنٹے میں پروسیس کرنا ہو گی، بیرون ملک ترسیلات کی پروسیسنگ بھی زیادہ سے زیادہ ایک دن میں کرنا ہو گی،آئی ٹی کمپنیز،فری لانسرز کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے، فارم"R"حاصل کرنے کی حد بڑھا کر 25 ہزار امریکی ڈالر سے زائد کر دی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی کہ فارم"R"اورفارم"M"کوڈیجیٹلائزکریں۔
قومی اسمبلی اجلاس: پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کی تفصیلات پیش
قومی اسمبلی پاکستان کے اجلاس میں وزارت دفاع کی جانب سے ملکی و بین الاقوامی ایئرلائنز کی منسوخ اور تاخیر کا شکار پروازوں کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔
وزارت دفاع کے مطابق سال 2025 کے دوران ملکی ایئرلائنز کی 8,158 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 12,972 پروازیں 15 منٹ سے زائد تاخیر کا شکار رہیں۔
اسی طرح بین الاقوامی ایئرلائنز کی 920 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 9,558 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ ایئرلائنز کی کارکردگی اور پروازوں کی باقاعدگی کی مستقل بنیادوں پر نگرانی کی جاتی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والی ایئرلائنز کے خلاف ریگولیٹری کارروائی بھی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق بار بار پروازیں منسوخ کرنے یا تاخیر کا شکار ہونے والی ایئرلائنز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے اور جرمانے عائد کیے گئے۔
مزید بتایا گیا کہ فروری 2026 میں ایک نجی ایئرلائن کو پروازوں کی منسوخی پر مسقط میں سلاٹس میں کٹوتی اور جرمانے کی سزا بھی دی گئی۔
اسحاق ڈار کا جاپان کے وزیر خارجہ اور پرتگال کے وزیر مملکت خارجہ سے رابطہ، اہم امور پر گفتگو
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا جاپان کے وزیرخارجہ اور پرتگال کے وزیر مملکت خارجہ امور سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطہ ہوا، اسحاق ڈار نے برطانوی وزیرمملکت پارلیمانی امور ہمیش فالکنر سے بھی رابطہ کیا جس دوران مشرق وسطیٰ اور خطے کی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے خطے میں فوری طور پر کشیدگی کم کرنے پر زور دیا، اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کے قیام،کشیدگی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے پرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور جاپانی وزیرخارجہ توشیمتسو موتیگی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی فوری کم کرنے پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان قیام امن کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے پرعزم ہے۔ جاپانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا ۔ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن بحالی کی پاکستانی کوششوں کی حمایت بھی کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاؤلو رینجل سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے خطے میں دیرپا امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ پرتگال کے وزیرمملکت نے قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اعلیٰ سطح کے روابط برقرار رکھنے اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برطانوی وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور ہمیش فالکنر سے بھی رابطہ کرکے دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ہمیش فالکنر نے امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
پاکستان اورمصر کے درمیان انسداد دہشتگردی کیلئے مشترکہ مشق تھنڈر-ٹو شروع
پاکستان اور مصر کے درمیان انسداد دہشتگردہی کیلئے مشترکہ مشق تھنڈر-2 شروع ہو گئی ہے ، دو ہفتوں پر مشتمل مشق چیراٹ میں اسپیشل آپریشنز اسکول میں شروع ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ اور مصری فوج کے اسپیشل فورسز کے دستے شریک ہیں، کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول چیراٹ نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے پیشہ وارانہ مہارتوں کو بہتر بناناہے،مشق کے ذرایعے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے،دونوں افواج انسداد دہشتگردی آپریشنز،باہمی تجربات اور مہارت کے تبادلے سے مستفید ہوں گی۔
ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم کی زیرصدارت ایندھن بچت اور کفایت شعاری اقدامات پر جائزہ اجلاس میں ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، جس کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا تاہم میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان ، اسلام آباد میں بازار مارکیٹں رات 8 بجے بند ہوں گی، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بازار، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کی جائیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی ، یہ فیصلہ صوبائی حکومت کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور ہر قسم کے مالز بھی رات 8 بجے بند ہوں گے ۔ بیکریاں، ریسٹورنٹ تندور، اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات دس بجے بند کر دئے جائیں گے۔
میرج ہالز، مارکیز، اور دیگر کمرشل جگہیں جن میں شادیاں منعقد ہوتی ہیں ، رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گی۔ نجی پراپرٹیز اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات 10 بجے رات کے بعد منعقد کرنے پر پابندی ہو گی
میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے ، اجلاس میں کئے گیے فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہء سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے ، وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں دی گئی سبسڈی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے ، 1 لاکھ ٹرانزیکشن ہو چکی ہیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ وزراء اعلیٰ پنجاب، خیبر پختونخوا ،بلوچستان، گلگت بلتستان اور وزیراعظم کا آزاد جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے قومی اہمیت کے ان اہم معاملات میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا، سندھ حکومت کی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، مجھے امید ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ بھی اس حوالے سے جلد مشاورت کا عمل مکمل کرنے کے بعد، اس فیصلے میں شامل ہو جائیں گے ۔ گلگت شہر اور مظفرآباد شہر میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لئے مفت ہو گی ، تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی ۔
خواجہ آصف کی زیر صدارت حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس، مختلف معاملات پر بریفنگ
وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیرصدارت حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس دوران وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ ایران، اسرائیل، امریکا جنگ کے آغاز کے بعد تیل بحران نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لیا،عوامی مشکلات میں کمی کیلئےابتدائی طور پر قیمتیں نہ بڑھا کر129 ارب روپےکی سبسڈی دی،قیمتوں میں اضافے کے بعد موٹر سائیکل،رکشوں، پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردارگاڑیوں کیلئے سبسڈی کا اعلان کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر مختلف شعبوں کو سبسڈی میں صوبے بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔
وزیر خزانہ نے حکومتی اخراجات میں کمی،کفایت شعاری سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی ۔ وزیرپیٹرولیم علی پرویزملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی طلب، رسد اور قیمتوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانےکیلئےحکومت نے فوری اقدامات اٹھائے۔
اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے وزیرخزانہ اور وزیرپیٹرولیم سے سوالات بھی کیئے ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اجلاس کا مقصد اتحادی جماعتوں سمیت پارلیمانی پارٹی کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لینا ہے،موجودہ عالمی معاشی بحران میں حکومت کو مشکل اور غیرمقبول فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں ، خطہ میں جنگ سے تمام ممالک متاثر ہورہے ہیں ، سیاسی و عسکری قیادت کی دانشمندانہ پالیسیز سے پاکستان قدرے بہتر صورتحال میں ہے ۔
لوڈنگ گاڑیوں کو سبسڈی دینے کا مقصد اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا لوڈنگ گاڑیوں کو سبسڈی دینےکا مقصد اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنا ہے،جو سبسڈی پیر کوفراہم کرنی تھی،اسکا آغاز ہفتے کو ہوچکا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات پرسبسڈی کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کو سبسڈی کی فراہمی پر پیشرفت،ملک میں ایندھن کےذخائر اورکھپت پربریفنگ دی گئی،سبسڈی کے لیے تمام صوبوں نے ٹرک،بسیں اور مال بردار گاڑیوں کی تفصیلات فراہم کیں۔
وزیراعظم نےدوران اجلاس گفتگو میں کہاکرایوں میں اضافہ روکنےکیلئےمسافربسوں کوسبسڈی دی جا رہی ہے،مسافر بسوں کو 1 لاکھ،منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دے رہے ہیں،ٹرک70 ہزار، بڑی مال بردارگاڑی 80 ہزار اورڈیلیوری وین کیلئے 35 ہزار سبسڈی ہے،سبسڈی رقوم کی فوری فراہمی کی ہدایت کی جس کا آغازگزشتہ روز سے ہوچکا،نظام میں شفافیت کیلئے یہ رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نےوزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا بلوچستان حکومت نےقومی پیکیج کے لیےطےشدہ رقم جمع کرا دی جو لائق تحسین ہے،امید ہےباقی صوبے بھی اس پیکج کے لیے جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے ایسٹر پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے خصوصی پیغام میں کہا کہ دعا ہے آج کا دن دنیا بھر میں امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لائے،موجودہ حالات میں مذاہب کی امن کی تعلیمات کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
وزیراعظم نے قربانی، درگزر، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کا ملکی ترقی میں فعال کردار قابلِ فخر ہے، اقلیتوں کے مذہبی، معاشی اور تعلیمی حقوق کا تحفظ حکومتی ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے قومی اتحاد اور ترقی کیلئے مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔
صوبوں نے سبسڈی میں مالی حصہ ڈالنےکیلئے وفاق کا مطالبہ تسلیم کر لیا
وزیراعظم شہباز شریف کے متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کا مشن میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، صوبوں نے سبسڈی میں مالی حصہ ڈالنےکیلئے وفاق کا مطالبہ تسلیم کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وفاق اور صوبوں نے ٹرانسپورٹ شعبے کو سبسڈٰ دینے کے فارمولے پر اتفاق کر لیا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مشترکہ فنانشل پول قائم کر دیا گیا ، وفاق حکومت ایک سو انتیس ارب روپے کے علاوہ بھی رقم فراہم کرے گی۔
صوبے مشترکہ مالی پول میں 40 سے 50 ارب روپے حصہ ڈالیں گے، رقوم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹاسک وزارت آئی ٹی اور اسٹیٹ بینک کے سپرد کر دیا گیا، وزیراعظم نے صوبوں کو سبسڈی کے مستحقین کا ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت بھی کر دی،پبلک ٹرانسپورٹ، چھوٹی بڑی گاڑیوں اور مال بردار گاڑی مالکان کو وفاقی حصے سے مدد ملے گی، زراعت،موٹر سائیکل اور رکشہ کے رجسٹرڈ مالکان کے معاملات صوبے خود دیکھیں گے۔
پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے مالیاتی ذخائر پر گمراہ کن تبصرے کو مسترد کردیا
وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے مالی ذخائر سے متعلق گمراہ کن تبصروں کو سختی سے مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ذخائر کی واپسی معمول کی مالیاتی کارروائی ہے اسے غلط رنگ دینا گمراہ کن ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یو اے ای کے مالی ذخائر سے متعلق جاری بحث بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے ذخائر دو طرفہ تجارتی معاہدوں کا حصہ تھے۔ حکومت پاکستان طے شدہ شرائط کے مطابق مدت پوری ہونے پر یہ ذخائر واپس کر رہی ہے۔ ذخائر کی واپسی ایک معمول کی مالیاتی کارروائی ہے، جسے غلط انداز میں پیش کرنا گمراہ کن ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹیجک تعاون جاری ہے۔ یہ تعلق وقت کی کسوٹی پر پورا اترا ہے اور ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام پاک امارات دوستی کو مضبوط بنانے میں مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان یو اے ای کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار کا بحرینی ہم منصب سے رابطہ، خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور
نائب وزیراعظم و زیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبد اللطیف بن رشید الزیانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر تناؤ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کا خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتکاری اور مکالمے پر اتفاق کیا ۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کےپانچ نکاتی اقدام پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن کے لیے پاک چین فارمولا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
بحرینی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور مثبت کردار ادا کرنے پر تعریف کی۔
دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت دیگر عالمی فورمز پر باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کا پاک بحریہ میں پی این ایس خیبر کی شمولیت پر اظہارمسرت
صدر مملکت اور وزیراعظم نے جدید ترین بحری جہاز پی این ایس خیبر کی پاک بحریہ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے معرکہ حق کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت پاک بحریہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تیاری میں مسلسل بہتری کا مظہر ہے۔ بدلتے ہوئے علاقائی تناظر میں مضبوط بحری قوت قومی خودمختاری کے تحفظ کا اہم ستون ہے۔ پاکستان اپنی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ میں جدید جنگی جہاز پی این ایس خیبر کی شمولیت کو باعث فخر قرار دیااور کہا اہم پیش رفت پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک سنگ میل ہے۔ پاکستان سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے بڑے بحری راستے گزرتے ہیں۔ مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت نے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ پاکستان اپنی خودمختاری اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
پاکستان کی امریکا ایران میں ثالثی سے متعلق سوشل میڈیا پر سرگرم جھوٹی خبروں کی تردید
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے امریکا ایران ثالثی سے متعلق میڈیا رپورٹس پر کہا کہ مبینہ سرکاری ذرائع سے منسوب جھوٹے الزامات مسترد کرتے ہیں۔
خطےمیں جاری تنازع سےمتعلق پیشرفت اورپاکستان کی جانب سےامن و مذاکرات کے فروغ پر وزارتِ خارجہ کےترجمان طاہر اندرابی نےردعمل دیتے ہوئےکہا ہم نے میڈیا،بشمول سوشل میڈیا،میں شائع ہونےوالی متعدد خبروں کا نوٹس لیاہےجن میں نام نہادسرکاری ذرائع کےحوالےسےخطےمیں جاری تنازع اور پاکستان کی امن و مکالمے کے فروغ کی کوششوں کے بارے میں دعوے کیے گئے ہیں۔
اس حوالے سےکسی بھی سرکاری ذریعےکی طرف نسبت کرنا غلط ہے،یہ باعثِ تشویش ہےکہ جمعہ کے روز وزارتِ خارجہ میں ہونے والی بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیاگیا ہے،جس میں ایسے امور کا حوالہ دیا گیا جو نہ زیرِ بحث آئے اور نہ ہی ان کی طرف اشارہ کیا گیا۔
علاقائی حساسیت کےاس نازک وقت میں سفارت کاری تقاضا کرتی ہےکہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے،لہٰذا ہم تمام میڈیا پلیٹ فارمزسےگزارش کرتےہیں کہ وہ مکمل تحقیق سے کام لیں،قیاس آرائیوں سے گریزکریں،اوردرست اوربروقت معلومات کےلیےصرف سرکاری بیانات اورجاری کردہ میڈیا ریلیز پر انحصار کریں۔
پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کا قرض واپس کرنے پر غور،ذرائع
پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو قرض کی واپسی پر غور کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق رواں ماہ 2 ارب ڈالر کی ادائیگی کا شیڈول موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ارب ڈالر کی ادائیگی 16 اپریل جبکہ مزید 2 ارب ڈالر کی واپسی کی ڈیڈ لائن 22 اپریل مقرر ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان 2 ارب ڈالر اسی ماہ کے آخر میں واپس کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق یو اے ای کے پاکستان میں مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں، جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط کی واپسی کی ڈیڈ لائن جولائی 2026 میں ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈپازٹس کے معاملے پر یو اے ای حکام سے بات چیت جاری ہے، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلے کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب وزارت خزانہ نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی قیادت کا اہم اجلاس، پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنے کی تجویز
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس دوران پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا سارا بوجھ خود برداشت کرنے کے بجائےعوام پر منتقل کرنے کا مشورہ ۔ بچت یقینی بنانے کیلئے سخت فیصلے لینے کی رائے دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں کا تعین وزیراعظم شہبازشریف خود کریں گے ۔ قیمتوں میں اضافہ کرنے کی صورت میں موٹرسائیکل سواروں کوسبسڈی ملے گی ۔ قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ ہوا تو ردوبدل سے متعلق سرکاری اعلامیہ جاری کرنے کی تجویز ہے ۔
اجلاس میں کفایت شعاری پالیسی کےتحت کمزورطبقے کو ریلیف دینے سے متعلق اہم فیصلےکئے گئے ۔ ضروری ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ تمام بڑے منصوبوں پر کام روکنےکا فیصلہ ۔ غیرضروری منصوبے روک کر بچت سے ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے گا ۔ شرکا نے کفایت شعاری پالیسی کی خلاف ورزی پر اظہار تشویش کیا، پیٹرولیم مصنوعات کی اضافی فروخت پر حیرانی ظاہر کی گئی ۔ لاک ڈاون کے نفاذ کے معاملے پر صوبوں کی مختلف آرا ۔ وفاقی حکومت کے دو روزہ مکمل لاک ڈاون کی تجویزسے اختلاف کیا گیا ۔
پاکستان پولیس گالف ٹیم کی شاندار کارکردگی، کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم
پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے گالف ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹ لیں، جس پر اعلیٰ حکام کی جانب سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا نے بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس گالفرز کو تعریفی اسناد اور کیش ایوارڈز سے نوازا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش بھی دی۔
لاہور پولیس کے کانسٹیبل شہباز علی کو ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی پر سی سی ٹو اور کیش ایوارڈ دیا گیا۔
اسی طرح پولیس ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کے گالفرز محمد عامر، شاہزیب اور اللہ محمد کو بھی سی سی ٹو اور کیش ایوارڈز سے نوازا گیا، جبکہ کوئٹہ پولیس کے دیگر کھلاڑی شاہد پرویز، عطا محمد اور آصف خان بھی کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں شامل رہے۔
چیف پیٹرن پاکستان پولیس گالف ٹیم، ڈی آئی جی سلیمان سلطان رانا نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کی مغربی کنارے میں سزائے موت کی بحالی اور فلسطینیوں کیخلاف استعمال کے اسرائیلی قانون کی شدید مذمت
پاکستان ، ترکیہ ، مصر، انڈونیشیا ، اردن ، قطر ، سعودی عرب ، یواےای کے وزرائےخارجہ نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے مغربی کنارے میں سزائے موت کی بحالی اور فلسطینیوں کیخلاف استعمال کیلئے اسرائیلی پارلیمنٹ کے قانون کی شدید مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قانون امتیازی سلوک پر مبنی اور اس کا فلسطینی قیدیوں کیخلاف اطلاق انتہائی خطرناک پیش رفت ہے ۔ اسرائیلی اقدامات نسلی امتیاز پر مبنی نظام کو مضبوط کر رہے ہیں ۔ یہ طرزعمل فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق اوران کےوجود سےانکار کے مترادف ہے۔ مسلم وزرائےخارجہ کا اسرائیلی حراست میں موجود فلسطینی قیدیوں کی حالت پر بھی گہری تشویش کا اظہار اور کہا کہ فلسطینی قیدیوں کو تشدد ، غیرانسانی سلوک ، بھوک اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا ہے ۔ اسرائیل کا فلسطینی قیدیوں سے یہ سلوک انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ اسرائیلی اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید اورعلاقائی استحکام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔ عالمی برادری صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کا احتساب یقینی بنائے اور امن کیلئےموثراقدامات کرے ۔
ہر پاکستانی شہری کے سوا تین لاکھ روپے کا مقروض ہونے کا انکشاف
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے پاکستان کا مجموعی قرضہ 81 ہزار ارب روپے سےتجاوزکرچکا ہے اورہرشہری تقریباً 3 لاکھ 25 ہزار روپےکامقروض ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےاقتصادی امورکا اجلاس ہوا،اقتصادی امورڈویژن حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کےذمے مجموعی قرضہ 81 ہزار ارب روپے سےزیادہ ہےجس میں بیرونی قرضے 56 ہزار ارب روپے کےہیں،مالی خسارہ پورا کرنے کیلئےمزید قرض لینا پڑتا ہے،پاکستان کے ذمےمجموعی قرضہ 81 ہزار ارب روپے سے زیادہ ہے۔
حکام اقتصادی امورڈویژن کےمطابق مقامی قرضےکی مالیت 55 ہزار ارب روپے سےزائد ہے،بیرونی قرضوں کا حجم 26 ہزار ارب روپے سے زائد ہے،پاکستان کے قرضوں میں اضافے کی بڑی وجہ مالی خسارہ ہے،مالی خسارہ پورا کرنےکیلئےقرضہ لینا پڑتا ہے،روپے کی قدر گرنے سے بھی قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے،
کمیٹی نےمعاشی پالیسیوں کا ذمہ دار پارلیمنٹ کو قرار دینے پرتحفظات کا اظہار کیا،چیئرمین کمیٹی کا کہنا ہےکہ اسٹیٹ بینک پارلیمنٹ سے بل پاس کراکرملک کی دھجیاں اڑارہے ہیں،اگلے اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک کو طلب کرنےکا فیصلہ کیا ہے،خیبرپختونخوا حکومت نے 300 ارب روپےکا قرضہ لیا،قرضہ استعمال نہیں ہوا مگر صوبائی حکومت سود ادا کررہی ہے۔
پاکستان اور ناروے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا
پاکستان اور ناروے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کی زیر صدارت تقریب میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔
وفاقی وزیر موسمیات تبدیلی کا کہنا تھا کہ معاہدہ پاکستان میں کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر اور صاف توانائی کے لئے سنگ میل ہوگا ۔ شراکت داری سے ملک کی کاربن مارکیٹ کو عالمی سطح پر تقویت ملے گی ۔ گرین اکانومی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ حکومت ویسٹ مینجمنٹ ، زراعت اور ٹرانسپورٹ میں پائیدار ترقی کے لئے کوشاں ہے ۔ نارویجن سفیر نے کہا کہ یہ معاہدہ دوطرفہ ماحولیاتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہے ۔ ماحولیاتی اہداف کے حصول میں پاکستان سے بھرپور تعاون کریں گے ۔ شراکت داری کا مقصد نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور گرین گروتھ کو فروغ دینا ہے ۔
نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کر نے کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے ، وزیراعظم
وزیراعظم کےزیرصدارت نوجوانوں کیلئے ملازمت کےمواقع بڑھانے پر جائزہ اجلاس ہوا جس دوران رانا مشہود کی سربراہی میں پی ایم یوتھ پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ تربیت اور افرادی قوت میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کر نے کے لیے اقدامات میں تیزی لائی جائے ۔ نیوٹیک میں اصلاحات کے بعد کافی بہتری آئی ۔ تربیتی پروگرام کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ۔ نوجوانوں کو زیادہ مانگ والے ہنر کی بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ تربیت ترجیح ہے ۔ اجلاس کو بیرون ملک اور قومی سطح پر نوجوانوں کیلئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔ بتایا گیا کہ عالمی سطح پر ملازمت کے کئی مواقع شناخت کرچکے،مزید تلاش کرنے پر کام جاری ہے ۔
سعودی عرب سے خام تیل کے ایک جہاز کا انتظام ہوگیا، کویت نے بھی یقین دہانی کروا دی
ایران امریکا جنگ دوسرے ماہ میں داخل ہو گئی ہے جبکہ پاکستان کے پیٹرولیم مصنوعات کے لئے تین ممالک سے رابطے جاری ہیں، سعودی عرب سے خام تیل کے ایک جہاز کا انتظام ، کویت سے بھی یقین دہانی حاصل کر لی گئی ۔
مارچ میں سعودی عرب کی یانبو بندرگاہ کے ذریعے خام تیل کا ایک جہاز، عمان کی بندرگاہوں سے پیٹرول کے پانچ اور ڈیزل کا ایک کارگو لایا گیا ۔ پاکستان نے کویت سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی یقین دہانی حاصل کر لی ۔ کویت پیٹرولیم کارپوریشن ڈیزل اور جیٹ فیول فراہم کرے گی ۔ وزارت پیٹرولیم حکام کہتے ہیں ہم تمام خلیجی ممالک سے رابطے کر رہے اور مصنوعات کی بلاتعطل سپلائی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے ، خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئیں۔ 24 گھنٹے کے دوران برطانوی خام تیل کی قیمت 118 ڈالر سے گر کر 99 ڈالر تک آگئی۔
امریکی خام تیل بھی 104 ڈالر سے کم ہوکر 97 ڈالرپر فروخت ہوتا رہا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مارچ کے مہینے میں تیل کی قیمتوں میں 60 فیصد تک اضافہ ہوگیا تھا۔ جو اسی کی دہائی کے بعد سب سے بڑا اضافہ ہے۔
نیپرا نے بجلی 1 روپے 64 پیسےفی یونٹ مہنگی کرنےکی درخواست پر سماعت مکمل کر لی
نیپرا نے ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 1.64روپے فی یونٹ اضافے کے معاملے پر سماعت مکمل کر لی، اتھارٹی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ جاری کرے گی ۔ بتایا گیا گردشی قرض 1700 ارب روپے ہو گیا ۔ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پیداواری لاگت بڑھنے کا خدشہ ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے فروری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ صنعتی صارفین کی جانب سے بڑھتی ہوئی لاگت اور سہہ ماہی اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ صارفین نے کہا انڈسٹری اپنا بوجھ اٹھانے کے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی بوجھ اٹھاتی ہے۔ جنگ کی صورت حال میں پاور پلانٹس کو گیس کی قلت کا خدشہ ہے۔۔ کیا ایسی صورت میں انڈسٹری کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ شروع کی جائے گی۔ سی پی پی اے نے بتایا کہ ایل این جی بند ہوئی ہے لیکن کوئلے کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی۔ جنوری میں پاور سیکٹر کا گردشی قرض سترہ سو ارب روپے رہا ۔ سال کے آخر تک گردشی قرض ٹارگٹ سے زیادہ نہیں ہوگا ۔
کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپے کا ریلیف دیا: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بچت اور کفایت شعاری کیلئے اقدامات کے نفاذ پر اجلاس ہوا جس دوران کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال میں ریلیف پہنچانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کیخلاف اقدامات کی ہدایت بھی کی ۔
شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کئے،آئندہ بھی غریب طبقے کی ریلیف کیلئے اقدامات جاری رہیں گے،کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپیہ کا ریلیف دیا،بروقت فیصلوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے،عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا ، پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور سپلائی چین کی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب سے ملاقات، دونوں ممالک کا فوری جنگ بندی کا مطالبہ
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات اہم ملاقات کی جس کے بعد خلیج اورمشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کیلئےپاک چین 5نکاتی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ، دونوں ممالک نے تنازعات کے خاتمے کیلئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیاہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی اجازت دی جائے اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے جلد از جلد مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق ایرانی اور خلیجی ممالک کی خود مختاری و سلامتی کو یقینی بنایا جائے، تمام فریقین طاقت کے استعمال یا ایسی دھمکی دینے سے گریز کریں، جنگ کے دوران غیر فوجی اہداف کا تحفظ یقینی بنایا جائے، فریقین عالمی قوانین کی پاسداری ،شہریوں وغیرفوجی تنصیبات پرحملےبند کریں۔
اعلامیہ میں بجلی کی تنصیبات اور پرامن جوہری اسٹریکچر پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ آبنائے ہرمز توانائی اور سامان کی ترسیل کا اہم بحریہ راستہ ہے، آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں اور عملے کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق تجارتی جہازوں کی جلد اورمحفوظ گزرگاہ ممکن بنا کر بحری آمدورفت بحال کی جائے، پاکستان اور چین مطالبہ کرتے ہیں اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنایا جائے، اقوام متحدہ کے منشور کے تحت بین الاقوامی قوانین اور امن معاہدوں کی حمایت کرتے ہیں۔
شہبازشریف کو یورپی کونسل کے صدرکا ٹیلی فون ، مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور
وزیراعظم شہباز شریف اور یورپی کونسل کے صدر انتونیوکوسٹا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران دونوں رہنماؤں کا خلیج میں جاری کشیدگی پر سخت اظہارتشویش کا اظہار کیا اور بحران کےحل کیلئےمذاکرات اورسفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کو یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے ٹیلیفون کیا۔ ٹیلیفونک گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خلیج میں جاری کشیدگی اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات پر اظہار تشویش کیا۔ بحران کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق تازہ پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
انتونیو کوسٹا نے کہا کہ یورپی یونین خطےمیں امن واستحکام کیلئےسفارتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔ طے شدہ تاریخوں پر وزیراعظم کے برسلزمیں خیرمقدم کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اٹھائیس اور انتیس اپریل کو اسلام آباد میں پاک یورپی یونین بزنس فورم کا افتتاح کروں گا۔ وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلاوان ڈیرلیئین کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
کویت کی پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو ڈیزل،جیٹ فیول کی مکمل سہولت دینے کی یقین دہانی
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویتی سفیر ناصر عبدالرحمٰن جاسم المطیری نے ملاقات کی جس دوران کویت نے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی مکمل سہولت دینے کی یقین دہانی کرا دی۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود کویت کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں۔
ناصر عبدالرحمٰن جاسم المطیری نے کہا کہ امن کے لیے تعمیری کردار پر پاکستان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ کویت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کویت پیٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے اس سہولت پر شکرگزار ہیں، پچاس برس سے پاکستان کویت سے ڈیزل سمیت پیٹرولیم مصنوعات خرید رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف تنازعات کے پُرامن حل میں سہولت کاری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے، وزیراعظم شہاز شریف
وزیراعظم شہبازشریف نےکہاپیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئےمناسب مقدارموجود ہے، حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا،اجلاس میں ایندھن بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کےنفاذکاجائزہ لیا گیا،اجلاس سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت نے125 ارب کی خطیر رقم مختلف بچتوں،ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکےدی،جس قدر ممکن ہو سکا گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا،ریلیف کا مقصد عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سےمحفوظ رہیں۔
وزیراعظم نےمزیدکہا اقدام سےملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا،مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سےدیئےجانے والے ریلیف سے مستفید ہونےکا موقع ملےگا،صوبائی حکومتیں موٹرسائیکلز، رکشہ مالکان کورجسٹریشن اپنےنام کروانےکیلئےسہولیات فراہم کریں
اجلاس کےشرکا نےکہا عوام سےگزارش ہےبچت مہم میں حکومت کاساتھ دیں اورغیرضروری سفرسے پرہیز کریں،دفاتراورکام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان کےچیف سیکریٹریزسےرابطےتیزکرنےکی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم اور ایرانی صدرکا ٹیلیفونک رابطہ،مذاکرات اورثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا،دونوں رہنماؤں کی گفتگو ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہی،دونوں رہنماؤں کا خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹیلیفونک رابطےمیں ایرانی صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان نےمذاکرات اورثالثی کےلیےاعتماد سازی کی ضرورت پرزوردیا،انہوں نےشہبازشریف کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں کو سراہا،اورپاکستان کےمثبت کردارکی تعریف کی۔
وزیراعظم نےکہا اجتماعی کوششوں سےکشیدگی کےخاتمےکی موثرراہ نکلےگی،پاکستان خطےمیں امن، استحکام کےلیےاپنا تعمیری کردار جاری رکھےگا،وزیراعظم نےاپنی،نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی جانب سے سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نےمشکل حالات میں ایرانی عوام کےساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اورحمایت کا اظہار کیا،اسرائیلی حملوں، بالخصوص گزشتہ روزشہری تنصیبات پرتازہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا،1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،شہدا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پیٹرول پر 95 اور ڈیزل پر 203 روپے اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے جسے میں نے آپ کی مشکلات کے پیش نظر ایک بار پھر مسترد کر دیاہے اور یہ بوجھ وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر خود اٹھانے کا فیصلہ کیاہے اس کا حجم 56 ارب روپے بنتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ ایک طرف ہم اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور عوام کو عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں قیامت خیز اضافے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں تو دوسری جانب سفارتی محاذ پر امن کے قیام کیلئے متحرک ہیں، اس جنگ کو رکوانے کیلئے پاکستان سفارتی سطح پر ثالثی کی کوششیں کر رہاہے تاکہ خطہ اور برادر اسلامی ممالک تباہ کن جنگ اور اس کے منفی اثرات سے نجات پائیں، اجتماعی مشاورت پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے متعدد مرتبہ ایران اور خلیجی ممالک کے سربراہان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی ، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار پوری محنت اور خلوص کے ساتھ ان کاوشوں میں مصروف عمل ہیں، فیلڈ مارشل اس مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلئے فعال اور قلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، میری آپ سے درخواست ہے کہ ان کاوشوں کی کامیابی کیلئے دعا کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے متعدد مرتبہ ایران اور خلیجی ممالک کے سربراہان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی ، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار پوری محنت اور خلوص کے ساتھ ان کاوشوں میں مصروف عمل ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر اس مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلئے فعال اور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، میری آپ سے درخواست ہے کہ ان کاوشوں کی کامیابی کیلئے دعا کریں۔
شہبازشریف نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک غیر معمولی اور مشکل ترین صورتحال سے نبرد آزما ہے جہاں بڑی معیشتیں بے بسی کی خاموش تصویر بنی ہوئی ہیں، ترقیای یافتہ ممالک جن کے پاس وسائل کے انبار ہیں آج وہ بھی شدید معاشی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے حالات میں اس بات کا اندازہ لگانا کوئی مشکل کام نہیں کہ پاکستان پر اس معاشی بوجھ کے کیا اثرات مرتب ہو سکتے تھے لیکن اللہ کے کرم سے ہم نے اس طوفان کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے سے ہی تیاری شروع کر رکھی تھی، لہذا ہم نے فوری وہ فیصلے کیئے جو ہرگز آسان نہیں تھے ، ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ سے 100 ارب روپے کی کٹوتی ، سادگی اور کفایت شعاری کی مہم سے ایک ایک پیسہ بچا کر اربوں روپے عام آدمی پر معاشی دباو ٔکم کرنے کیلئے وقف کر دیئے ۔تاکہ تاریخ کی اس مشکل گھڑی میں جہاں تک ممکن ہو سکے آپ کی حکومت عوام کو ان مشکلات سے بچانے کیلئے ہر ممکن وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کرے ۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ پر یہ حقیقت اچھی طرح آشکار ہو چکی ہوگی کہ آج جب گاڑی یا موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈلواتے ہیں تو ہر ایک لیٹر کے پیچھے حکومتی بچت کی پالیسی اور احساس ذمہ داری کی جھلک موجود ہوتی ہے ، یہ ہفتہ جو آج سے شروع ہو رہاہے ، اس میں مجھے پیٹرول پر 95 اور ڈیزل پر 203 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے جسے میں نے آپ کی مشکلات کے پیش نظر ایک بار پھر مسترد کر دیاہے اور یہ بوجھ وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر خود اٹھانے کا فیصلہ کیاہے اس کا حجم 56 ارب روپے بنتا ہے ، اس ہفتے میں مزید 56 ارب روپے کا اضافی بوجھ وفاقی حکومت خود برداشت کرے گی اور آپ کو یہ بوجھ نہیں اٹھانا پڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں دیکھی جائیں تو آج کے دن پیٹرول کی قیمت 544 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے تھی لیکن آپ اسے صرف 322 روپے میں حاصل کر رہے ہیں، اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی آج کے دن پاکستان میں 790 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے تھی لیکن حکومت آپ کو ڈیزل 335 روپے فی لیٹر فراہم کر رہی ہے تاکہ آپ پر مزید بوجھ نہ پڑے اور آپ کی مشکلات میں مزید اضافہ نہ ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کر لیاہے، غیرملکی شہریوں اور کمپنیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کی اجازت ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے پاکستان پرکشش سرمایہ کاری منزل کے طور پر مزید مضبوط ہوگا۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اقدام مالیاتی منڈیوں سے روابط بڑھانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم سےغیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کا مظہر ہے۔ ایک کروڑ دس لاکھ پاکستانیوں پرمشتمل بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا کی بڑی اور متحرک کمیونٹیز میں شامل ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال دوہزار پچیس میں ترسیلاتِ زر 38.3 ارب ڈالر سے بڑھ گئیں۔ موجودہ سال یہ حجم 42 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ پاکستان دنیا میں ترسیلاتِ زرحاصل کرنے والے ممالک میں پانچویں جبکہ جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر آ گیا۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کےذریعے بیرون ملک پاکستانی بغیر پاکستان آئے بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ گزشتہ ساڑھے پانچ سال میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ فروری کےاختتام تک نو لاکھ سےزائد اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں ، جبکہ ان میں مجموعی سرمایہ کاری بارہ ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرخزانہ، اسٹیٹ بینک اوراس پروگرام میں شامل بینکوں کوکامیابی پر مبارکباد دی کہا پاکستان پرکشش سرمایہ کاری منزل کے طور پر مزید مضبوط ہوگا اور مالیاتی منڈیوں میں وسعت آئےگی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومتی اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاروں کو شفاف ، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کو کویتی ولی عہد کا فون، شہباز شریف کا کویتی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران وزیراعظم نے ایک بار پھر کویت پر حملوں کی شدید مذمت کی اور مشکل حالات میں کویت کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی، حمایت کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے کویتی ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حملوں کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے مکمل یکجہتی کی یقین دہانی بھی کرائی۔۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ شہباز شریف نے کویتی قیادت کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ کویتی ولی عہد نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہا ۔۔ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت بھی کی۔ شیخ صباح الخالد الحمد الصباح
نے کویتی قیادت کے نام وزیراعظم کے حالیہ اظہارِ یکجہتی کے خط پر اظہار تشکر کیا ۔ حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے کویتی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
شہباز شریف کا بانی پی ٹی آئی کیخلاف ہتک عزت کیس، عمران خان کی حق دفاع سے متعلق نظرثانی اپیل سننے والا بینچ تبدیل
سپریم کورٹ میں شہباز شریف کا بانی پی ٹی آئی کیخلاف ہتک عزت کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی حق دفاع سےمتعلق نظرثانی اپیل سننے والا بینچ تبدیل ہو گیا ۔
جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اکتیس مارچ کو بانی پی ٹی آئی کی نظرثانی اپیل پر سماعت کرے گا ۔ جس میں جسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہوں گے ۔ جسٹس عائشہ ملک کی جگہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو بینچ میں شامل کیا گیا ہے ۔ اپیل کی سماعت پہلے جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی تھی ۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی تھی ۔ اس فیصلے کیخلاف بانی نے نظرثانی اپیل دائر کر رکھی ہے ۔
پاکستان کو عالمی بینک سے 10 ارب 70 کروڑ روپے کا نیا قرضہ ملنے کا امکان
پاکستان کوعالمی بینک سے 10 ارب 70 کروڑ روپےکانیا قرضہ ملنے کا امکان ہے،رقم توانائی کے منصوبے پر خرچ کی جائے گی۔
دستاویز کےمطابق منصوبےمیں ایشیئن انفراسٹریکچر بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک بھی معاونت فراہم کریں گے،عالمی بینک نےپاکستان میں بلوں کی کم وصولی،سسٹم نقصانات اور ٹرانسمیشن رکاوٹوں کی نشاندہی بھی کردی۔
عالمی بینک کےمطابق پاکستان کا پاورسیکٹربجلی چوری سمیت بڑےمسائل کا شکارہے،پاورسیکٹر کے منصوبے کی مجموعی مالیت تقریباً 70 کروڑڈالرہے،مٹیاری سےرحیم یارخان تک 500 کےوی کی بڑی ٹرانسمیشن لائن بچھانےکامنصوبہ شامل ہے،مجوزہ منصوبہ 2026 سے 2035 پرمحیط 10 سال کےپروگرام کا حصہ ہے،بجلی کےنظام میں بہتری،بیٹری اسٹوریج اورنئی ٹرانسمیشن لائن منصوبےکا حصہ ہے،این ٹی ڈی سی میں اصلاحات کے لیےتکنیکی معاونت بھی دی جائے گی۔
دستاویز کےمطابق ایشیئن انفراسٹرکچر بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک بھی مالی مدد کریں گے،منصوبے کامقصد پاکستان میں بجلی کا نظام مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔
عالمی بینک نے پاکستان میں بجلی کی فراہمی زیادہ قابل اعتماد بنانے اور نجی شعبے کی شمولیت کے فروغ، توانائی کے اداروں میں گورننس بہتر بنانے پر زور دیا۔
وزیراعظم کا دورہ کراچی، ایم کیوایم کے وفد سے ملاقات، شیریں رحمان سے بیٹی کے انتقال پر تعزیت
وزیراعظم شہبازشریف کراچی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ہیں ، اس دوران شہبازشریف نے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیوایم کے وفد سے ملاقات کی جبکہ شریں رحمان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا اور بیٹی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کراچی پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر نہال ہاشمی نے استقبال کیا ، اس موقع پر آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو،چیف سیکریٹری آصف حیدرشاہ بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وفاقی وزراعطا تارڑ ، احسن اقبال ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،سینیٹررانا ثنااللہ بھی تھے ۔
شہبازشریف نے سینیٹر شیریں رحمان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا جہاں صاحبزادی ماروی ملک کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ وزیراعظم نے شیریں رحمان اور ان کے شوہر سے ملاقات میں کہا کہ آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اولاد کا غم بہت بڑا ہوتاہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپورکے گھر کا بھی دورہ کیا اور بیٹی کی شادی پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پی اے ایف بیس پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیوایم کے وفد سے ملاقات ، وفد میں فاروق ستار،وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال اور سابق گورنر کامران ٹیسوری بھی شامل تھے ۔
وزیراعظم سے ملاقات میں خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم وفد نے آئندہ بجٹ، مجوزہ آئینی ترمیمی بل سمیت دیگر ایشوز پر گفتگو کی ۔
ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے وفد نے مقامی حکومتوں کے حوالے سے مجوزہ آئینی ترمیم کو 28 ویں ترمیم میں شامل کرنے اور لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایم کیوایم کی مجوزہ آئینی ترمیم وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
پی اے ایف بیس پر ہونے والی ملاقات میں ایم کیوایم کے مطالبات پر آئندہ ہفتے وزیراعظم سے ایک اور ملاقات طے کی گئی ، شہبازشریف نے گورنر سندھ کو کہا کہ صوبے میں ایم کیوایم کو کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے ۔
وزیراعظم شہبازشریف کو ملائیشین ہم منصب کا فون، عالمی کشیدگی پر بات چیت
وزیراعظم شہبازشریف سے ملائیشین ہم منصب انورابراہیم نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران موجودہ علاقائی اور عالمی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم نے ملائیشیا کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کوششوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔ انور ابراہیم کو مذاکرات کیلئے مختلف رہنماؤں سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا ۔
ملائیشیا کے وزیراعظم نے شہباز شریف کی شاندار قیادت کی تعریف کی اور مشرق وسطیٰ کی جنگ کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا ۔ وزیراعظم شہبازشریف ملائیشیا ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان کشیدگی کم کرنے کے لیے مخلصانہ اور حقیقی کوششیں جاری رکھے گا ۔ دونوں رہنماؤں نے آپس میں رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا ۔ ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اور امت کے اتحاد و ترقی کیلئے دعا کی ۔
وزیراعظم اور امیرِ قطر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، عید کی مبارکباد اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں عیدالفطر کی مبارکباد اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے امیرِ قطر کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی، جبکہ شیخ تمیم بن حمد الثانی نے بھی پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے خطے میں جاری جنگ پر گہری تشویش ظاہر کی اور قطر سمیت دیگر برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم نے حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی جانب سے قطر اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین بھی دلایا۔
موجودہ صورتحال کے تناظر میں قطر کے غیر معمولی تحمل کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی رسائی اور امن کی کوششوں سے امیر قطر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل تمام فریقوں سے کشیدگی کم کرنے اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے اپنے اختلافات کو حل کرنے پر زور دیا ہے۔
عزت مآب امیر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان کو ملنے والے نئے بیرونی قرضوں میں 18.37 فیصد اضافہ
پاکستان کو ملنے والے نئے بیرونی قرضوں میں 18فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہو گیاہے، حکومت نے جولائی سے فروری کے دوران آئی ایم ایف سمیت 6 ارب 86 کروڑ ڈالر کے نئے قرضے حاصل کیے جن کی مجموعی مالیت ایک ہزار 904 ارب روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو جولائی تا فروری 5.86 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی، 5.76 ارب ڈالر کے نئے قرضےمیں 9 کروڑ 22 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی نسبت قرضوں میں 91 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا، آئی ایم ایف کی 1 ارب ڈالر قسط ملا کر حجم بڑھ کر 6.76 ارب ڈالر ہو گیا۔
پاکستان نے یومیہ بنیاد پر 7.86 ارب روپے کا نیا قرضہ حاصل کیا، پاکستانی کرنسی میں نئے قرضوں کی مالیت 1904 ارب روپے ہے، سعودی عرب 3 ارب ڈالر، چین نے ایک ارب ڈالر کا قرض رول اووربھی کیا، پہلے 8 ماہ میں مختلف عالمی مالیاتی اداروں نے 2.37 ارب ڈالر فراہم کئے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں بھی 1.76 ارب ڈالر کا قرضہ لیا گیا، عالمی بینک 72 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، اے ڈی بی سے 66 کروڑ ڈالر ملے۔
اسلامی ترقیاتی بینک نے مختصر مدت کیلئے 48 کروڑ ڈالر سے زائد قرض دیا، پاکستان آئی بی آر ڈی بینک نے بھی 35 کروڑ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا، مختلف دوست ممالک نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر سے زائد قرض دیا، سعودی عرب نے پاکستان کو 33 لاکھ ڈالر گرانٹ سمیت 81 کروڑ ڈالر فراہم کئے، سعودی عرب نے پاکستان کو 8 ماہ میں 80 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل فراہم کیا ،چین نے 27 کروڑ ڈالرقرضہ دیا، گرانٹ سمیت 7 کروڑ 22 لاکھ ڈالرعلاوہ ہیں۔
کفایت شعاری مہم: اسپیکر ایاز صادق کا بڑا اقدام، بلٹ پروف گاڑی گراؤنڈ کر دی
وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کے لیے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنی بلٹ پروف گاڑی گراؤنڈ کر دی ۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے سیکیورٹی اور پروٹوکول کے لیے فراہم کی گئی گاڑیاں بھی واپس کر دیں اور آج پرانے ماڈل کی سادہ کار میں پارلیمنٹ پہنچے۔
پارلیمنٹ پہنچنے پر سیکیورٹی اسٹاف نے انہیں عام گاڑی میں دیکھ کر روک لیا، تاہم اسپیکر نے اپنا تعارف کرایا جس پر عملے اور پولیس اہلکار حیران رہ گئے۔
سیکیورٹی حکام نے اسپیکر سے کم از کم ایک سیکیورٹی گاڑی ساتھ رکھنے کی درخواست کی، تاہم ایاز صادق نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب سادہ اور چھوٹی گاڑی ہی استعمال کریں گے۔
اس اقدام کو کفایت شعاری مہم کے تحت ایک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ،کشیدگی کم کرنے اور فوری جنگ بندی پر زور
وزیراعظم شہبازشریف اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا،وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود،شاہی خاندان اور سعودی عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہبازشریف نےسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کی حالیہ امن کوششوں سے آگاہ کردیا،سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا،اس مشکل وقت میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا ایک بار پھر اظہار کیا ۔
وزیراعظم نےموجودہ بحران میں غیرمعمولی تحمل کامظاہرہ کرنے پر سعودی قیادت کو سراہا،اور یقین دلایاکہ پاکستان ہمیشہ برادر ملک کے ساتھ کھڑا رہےگا جیسا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
شہبازشریف نےفوری طور پرجنگ کےخاتمے اور امن کی بحالی پرزوردیا تاکہ علاقائی صورتحال کو مستحکم کیاجاسکے،انکاکہنا تھاکہ امت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔
شہبازشریف نےسعودی ولی عہد کو بتایا پاکستان نے تمام فریقین کےساتھ تعمیری سفارتی رابطے کئے گئے، جن میں کشیدگی میں کمی اوراختلافات کومذاکرات اورسفارتکاری کےذریعےحل کرنےپر زوردیاگیا، شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا،دونوں رہنماؤں نےہرسطح پردوطرفہ قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
عرب اسرائیل تنازعے کی جڑ مسئلہ فلسطین ہے، عاصم افتخار
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نےکہا ہےکہ عرب اسرائیل تنازعے کی جڑ مسئلہ فلسطین ہے،غیر قانونی آبادکاروں کا تشدد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کےمستقل مندوب عاصم افتخار نےسلامتی کونسل کے اجلاس سےخطاب میں کہا آبادکاری کے منصوبوں کی توسیع فوری طور پر روکی جائے،غزہ میں مکمل جنگ بندی اوربلا رکاوٹ انسانی امداد کو بحال کیا جائے،بغیرکسی الحاق،جبری بےدخلی یا زمین کی تقسیم کے غزہ کی تعمیر نو شروع کی جائے۔
عاصم افتخار نےکہافلسطینیوں پر تشدد کرنےوالے یہودی آباد کاروں کا احتساب کیا جائے،پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے،مشرق وسطیٰ میں وسیع جنگ کے خطرات موجود ہیں،ہم تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں،مسائل کے پرمن حل کیلئے پاکستان دیگر شراکت داروں کے ساتھ فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
امریکا اور ایران کی رضامندی کی صورت میں پاکستان مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے: وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی کی صورت میں پاکستان مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئے جاری مذاکراتی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے اور دنیا میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کیلئے مذاکرات ناگزیر ہیں اور تمام فریقین کو بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکا اور ایران رضامند ہوں تو پاکستان ان مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے اور اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے جاری تنازع کے جامع اور پائیدار حل کیلئے بامعنی اور نتیجہ خیز بات چیت کی پیشکش بھی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ بامقصد مذاکرات کی میزبانی کرنا پاکستان کیلئے باعث فخر ہوگا اور پاکستان خطے میں امن کے فروغ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پرامن حل کیلئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق سفارتکاری اور مذاکرات کے عمل کو مؤثر بنانے کیلئے رازداری انتہائی اہم ہوتی ہے تاکہ مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور کسی بھی پیش رفت، فیصلوں یا نتائج سے متعلق سرکاری اعلانات کا انتظار کریں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
یاد رہے کہ آج صبح وزیراعظم نے اجلاس کے دوران حکام کو ایران اور امریکا مذاکرات کی ممکنہ میزبانی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایات کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں اعلیٰ عسکری قیادت، وفاقی وزراء نے شرکت کیں۔ ایران امریکا جنگ ختم کرانے کے لئے پاکستانی کی سفارتی کاوشوں اور پاکستان میں مذاکرات کی میزبانی پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں خلیجی جنگ کے تصفیے کے لیے پاکستان میں مذاکرات کی میزبانی پر بھی غور کیا گیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شرکاء کو پاکستان کی اب تک کی سفارتی کاوشوں پر بریفنگ دی۔ اسحاق ڈار نے مصر، ترکیہ اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطوں پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کےلیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، فریقین کے رضامند ہونے کی صورت میں پاکستان میزبانی کے لیے تیار ہے،وزیراعظم، عالمی سطح پر تنازع کے حل کیلئے پاکستان کا کردار تسلیم کرنا خوش آئند ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف صدر آصف زرداری کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی آج رات صدر آصف علی زرداری سے اہم ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا ایوان صدر جانے کا پلان ہے، خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوگی۔
میں نے 8 سال اس کیس کا انتظار کیا، اس کیس سے لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر بڑھے گا،علی ظفر
پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 8 سال اس کیس کا انتظار کیاہے، اس کیس سے لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر بڑھے گا۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر کا کہناتھا کہ میشا شفیع کی والدہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں، اور ان کے لیے ان کے دل میں بے حد احترام ہے کیونکہ وہ ایک بڑی آرٹسٹ ہیں۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ اس کیس سے عوام کا عدالتوں پر اعتماد بڑھے گا اور لوگوں کو معلوم ہوگا کہ ملک کی عدالتیں ثبوتوں کی بنیاد پر انصاف فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے وکیل کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل مکمل طور پر حقائق پر مبنی ہیں۔
صدر مملکت کی افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری دیدی
صدر مملکت نے تینوں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات دینے کی منظوری دے دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گیارہ ستارہ بسالت، 475 تمغہ بسالت، 130 امتیازی اسناد،378 آرمی چیف تعریفی اسناد کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح 23 ہلال امتیاز (ملٹری)، 100 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغہ امتیاز (ملٹری) بھی دینے کی منظوری دی گئی۔
فوجی اعزازت پانے والوں میں بری، بحری اور فضائی افواج کے افسران اور جوان شامل ہیں۔ ستارہ بسالت کا اعزاز پانے والوں میں میجر کامل حسین، میجر سبطین حیدر شہید، میجر حمزہ اسرار شہید اور میجر عدنان اسلم شہید شامل ہیں۔ جبکہ کیپٹن حسنین اختر شہید، حوالدار علی بلاول شہید اور نائیک بخت زمین شہید کو بھی ستارہ بسالت دینے کی منظوری دی گئی۔
بری فوج کے سپاہی رحمان شہید، ثقلین شہید،نیوی کے سہیل ارشد اور مظہر محمود کو ستارہ بسالت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
صدر مملکت نے یوم پاکستان پر 1989فوجی اعزازات دینےکی منظوری دے دی
صدر مملکت نے یوم پاکستان پر 1989فوجی اعزازات کی منظوری دے دی، مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے افسران و جوانوں کو اعزازات دئیے جائیں گے۔
1989اعزازات میں 23 ہلالِ امتیاز ملٹری، 100 امتیاز ملٹری اور 136 تمغہ امتیاز ملٹری شامل ہیں ۔ جاری اعلامیے کے مطابق 11 ستارہ بسالت، 475 تمغۂ بسالت اور 130 امتیازی اسناد دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
صدر مملکت نے 175 تمغۂ خدمت ملٹری کلاس اوّل، 319 تمغۂ خدمت ملٹری کلاس دوئم اور 620 تمغۂ خدمت ملٹری کلاس سوئم دینے کی بھی منظوری دی۔
یہ اعزازات مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے افسران و جوانوں کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیے جائیں گے۔ یہ منظوری وزیر اعظم کی سفارش پر دی گئی۔
ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، ، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، اس کے علاوہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک اور قوم کی سلامتی و ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
اس مرتبہ مشرق وسطیٰ کے کشیدہ حالات کے پیش نظر ملکی سطح پر جاری کفایت شعاری کے تحت یوم پاکستان سادگی سے منایا جا رہا ہے،اس دن کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ مرکزی پرچم کشائی کی تقریب بھی سادہ اور پروقار رکھی گئی ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ نے مزارِ اقبال کی سکیورٹی کا چارج سنبھال لیا، جبکہ اس سے قبل سکیورٹی کی ذمہ داری ستلج رینجرز کے پاس تھی
پاکستانی کو آبی قلت کا چیلنج درپیش ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی یوم آب کےموقع پر پیغام میں کہاپاکستانی کو آبی قلت کا چیلنج درپیش ہے،موسمی اور گلیشیئر نظام میں تبدیلی نے آبی قلت کے خطرات کو بڑھا دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نےکہاصاف پانی بنیادی انسانی حق ہے،آبی انتظام، فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی نمائندگی کویقینی بنانا اہم ہے، حکومت قومی آبی پالیسی کے دائرہ کار میں متعدد اہم اصلاحاتی اقدامات کررہی ہے،مستقبل کیلئےپانی کےوسائل کومحفوظ بنارہےہیں،ذخیرہ آب میں اضافے کیلئے 18 چھوٹے،درمیانے اور بڑےڈیمزکی تعمیر پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم نےمزیدکہامؤثرنہری نظام سےپانی ضیاع میں 33فیصدکمی لانےکی کوشش کررہےہیں،پانی کے موثر استعمال میں30فیصداضافہ کررہےہیں،ارساآبی نظام میں شفافیت کویقینی بنانےکیلئےٹیلی میٹری نصب کر رہا ہے،ٹیلی میٹری سسٹم سےدریاؤں کےبہاؤکی بروقت نگرانی ممکن ہوگی،بین الصوبائی پانی کی تقسیم کےمسائل کےحل میں مددملےگی،پاکستان اپنےقومی آبی حقوق کی دلیرانہ اندازمیں حفاظت کیلئےپرعزم ہے،پاکستان کسی بھی نوعیت کی آبی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتاہے۔
صدرمملکت آصف زرداری نےاپنےپیغام میں کہاپانی کی کمی کا اثرسب پریکساں نہیں ہوتا،محفوظ پانی کی عدم دستیابی سے خواتین خصوصاً بچیاں زیادہ متاثرہوتی ہیں،کئی علاقوں میں گھروں کا انحصار دوردراز یا غیرمستحکم پانی کے ذرائع پر ہے، محفوظ اور قابل اعتماد پانی کی فراہمی کو قومی ترجیح بناناضروری ہے،پانی کےوسائل کابہترانتظام ضروری ہے،آبی نظام میں سرمایہ کاری،منصوبہ بندی میں خواتین کی شمولیت ناگزیرہے۔
صدر نےکہازیرزمین آبی ذخائربھرنے،پانی کی سطح بلند کرنے کیلئے اقدامات کرناہوں گے،آبانی میں اضافے، ماحولیاتی تبدیلی سےپانی پر دباؤ بڑھ رہاہے،ہمیں پانی کا استعمال زیادہ ذمہ داری سے کرناہوگا،بھارت کی جانب سےسندھ طاس معاہدےکی یکطرفہ معطلی کی شدیدمذمت کرتاہوں،مشترکہ آبی وسائل کو بطورہتھیار استعمال کرنا نہایت تشویشناک ہے،بھارتی اقدام عالمی معاہدےکی روح اورمتن دونوں کی خلاف ورزی ہے۔
صدرمملکت نےمزید کہابھارت کاطےشدہ طریقہ کارمیں رکاوٹ ڈالناعالمی معاہدےکی خلاف ورزی ہے، طاس معاہدہ دریائےسندھ کےنظام کی منصفانہ تقسیم کویقینی بناتارہاہے،ایسےاقدامات لاکھوں افراد کے روزگارکوبھی متاثرکرتےہیں،بھارت عالمی وعدےکےمطابق معاہدےپرمکمل عملدرآمدیقینی بنائے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی تھائی لینڈ کے ہم منصب کو دوبارہ تقرری پر مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چارن ویراکُل کو دوبارہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں انوتین چارن ویراکُل کو دوبارہ وزیراعظم بننے پر دلی مبارکباد پیش کی،کہا یقین ہے کہ انکی قیادت میں تھائی لینڈ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔
پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات کے مزید استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تھائی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
بابراعظم عیدالفطر پر باورچی بن گئے، ویڈیو وائرل
قومی ٹیم کے بیٹر بابر اعظم عیدالفطر کے روز باورچی بن گئے اور فیملی کے ساتھ شاندار وقت گزارا ۔
تفصیلات کے مطابق بابراعظم نے عیدالفطر کی نماز کے بعد گھر والوں کیلئے شیر خرمہ تیار کیا اور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ۔مداحوں کی جانب سے ویڈیو کو خوب سراہا جارہاہے ۔
واضح رہے کہ آج ملک بھر میں عید الفطر روایتی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے اور قومی کھلاڑی بھی اپنے خاندان کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنے میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں بابر اعظم شامل نہیں تھے وہ نیشنل ٹی 20 کپ بھی نہیں کھیل سکے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا فیلڈ مارشل ، ایئر اور نیول چیف سے ٹیلی فونک رابطہ، عید کی مبارکباد دی
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ڈیفنس فورسز،ایئرچیف اور نیول چیف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید کی مبارک باد دی۔
وزیراعظم نے سپہ سالار چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو اور سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو کی۔شہباز شریف نے اُنہیں عید کی مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے عید کےدن بھی اپنے اہل وعیال سے دور دفاع وطن کیلئے سرحدوں پر خدمات سر انجام دینے والےسیکورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف اور ترکمانستان کے صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، عید کی مبارکباد دی
وزیراعظم شہبازشریف اور ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے صدر، قیادت اور برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی، جس پر ترکمان صدر نے نہایت گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران باہمی دلچسپی کے شعبوں خصوصاً تجارت، توانائی، روابط اور علاقائی ترقی میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے جاری علاقائی اقدامات میں تعاون بڑھانے اور باہمی مفاد کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
’’عیدالفطر کا دن باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا دن ہے‘‘ صدرمملکت اور وزیراعظم کا قوم کیلئے خصوصی پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری کا قوم کیلئے جاری پیغام میں کہناتھا کہ میں پوری پاکستانی قوم کو عیدالفطر کی خوشیوں بھری ساعتوں پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عیدالفطر درحقیقت ماہِ رمضان کی عبادات، صبر، تقویٰ اور ایثار کا صلہ ہے۔ یہ دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بندگی کے احساس کے ساتھ ایک نئی روحانی زندگی کا آغاز کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ رمضان المبارک میں حاصل کی گئی تربیت کو اپنی عملی زندگی میں برقرار رکھنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ صبر، برداشت، ہمدردی، عدل اور اخوت وہ اقدار ہیں جو نہ صرف ایک مثالی فرد بلکہ ایک مضبوط اور متحد قوم کی بنیاد بنتی ہیں۔
عیدالفطر کا دن باہمی محبت، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا دن ہے۔ یہ ہمیں اس بات کی تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، یتیموں اور محروم طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور معاشرے میں احساسِ ذمہ داری کو مضبوط کریں۔
آج کے دن ہمیں قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کی تجدید بھی کرنی چاہیے۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ خطے میں آئی مصیبتوں کا ایسے مقابلہ کریں کہ مسلم امّہ کا اتحاد قائم رہے اور دنیا بھر میں امن قائم ہو۔
میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہماری عبادات کو قبول فرمائے، پاکستان کو امن و سلامتی اور استحکام سے نوازے اور ہمیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
وزیراعظم شہبازشریف کا عیدالفطر پر پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطرپر جاری پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا مبارک دن ہمارے لیےاللہ کی خاص رحمت اور بے پایہ فضل و کرم کا مظہر ہے ، آج کے دن تمام مسلمان اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں ، رمضان المبارک کی خصوصی عبادات کے بعد عید سعید کی خوشی نصیب فرمائی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ اللہ ہماری عبادات کو منزل قبولیت عطاء فرمائے، اسلامی اقدار کو اپنی عملی زندگی میں رائج کرنے کی توفیق دے ، عید الفطر صبر و استقامت کے بعد اللہ کے انعام کے وعدہ کی مثال ہے ، عید الفطرایثار،اتحاد،خدمت خلق اوراجتماعی ذمہ داری کے احساس کو بھی تازہ کرتا ہے، بحیثیت قوم ہمیں عید کے دن معاشرے کے کمزور طبقات کو خوشیوں میں شریک رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں کمزورطبقات کی مالی معاونت کےلیےڈیجیٹل والٹس کا نظام مکمل کیا، اجتماعی ذمہ داری اور باہمی تعاون ہی اصل میں ملکی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے ، ہمارے دل غزہ اور مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات سے متاثرہ دیگر لوگوں کے لیےغمگین ہیں، ان کی تکلیف اس بات کی واضح یاد دہانی ہےکہ امتِ مسلمہ میں اتحاد کی اشد ضرورت ہے، ہم مل کر انصاف، وقار اور پائیدار امن کو فروغ دے سکیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا غیر یقینی اور عدم استحکام کا شکار ہے، ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا اتحاد ہی ہے، اللہ کرے کہ یہ عید امتِ مسلمہ میں بھائی چارے کے جذبے کو مزید گہرا کرے اور ہمیں انسانیت کی بھلائی کے لیے مل کر کام کرنے کی توفیق دے، پاکستان من حیث القوم دنیا بھر میں امن و سلامتی اور استحکام کے لیئے دعا گو ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ عید کی مبارک گھڑیاں عالمی امن، عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارہ کی فضا کو تقویت دیں۔ آمین
وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کر دیاہے ۔ ان کا کہناتھا کہ عید کے خوشیوں بھرے لمحات میں قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی ، پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 74 روپے اضافے کی تجویز دی گئی تھی جسے میں نے مسترد کر دیا، پیٹرول 127 روپے،ڈیزل پر 252 روپے کا اضافہ روکنے کیلئے 69 ارب خرچ کر چکے ہیں۔
قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ دل کی گہرائیوں سے سب کو عیدالفطر کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، عید قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے، عید کی خوشیاں تب پوری ہوتی ہیں جب انہیں اپنے اردگرد لوگوں کے ساتھ بانٹیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج دنیا ایک غیرمعمولی آزمائش سے دوچار ہے، ہمارے خطے میں جاری جنگ نے عالمی معیشت اور امن واستحکام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، خطے میں برادر ممالک کی توانائی تنصیبات پر ہونے والے حملوں نے بحران بڑھا دیا ہے۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ خدشہ بڑھتا جا رہا ہے کہ یہ بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،تیل کی قیمتوں کا بوجھ دنیا بھر پر پڑ رہا ہے،مہنگائی کا بحران جنم لے رہا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے اضافے کی تجویز دی گئی، ڈیزل کی قیمت میں 74 روپے اضافے کی تجویز دی گئی، میں نے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا، تیل کی قیمتوں میں اضافے کا 24 ارب روپے کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ترقیاتی اخراجات کو محدود کیا، چاروں صوبوں سمیت گلگت اور آزاد کشمیر کے عوام پربوجھ نہیں بڑھنے دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، عید کے خوشیوں بھرے لمحات میں قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی ، رواں ہفتے کے اضافی اخراجات حکومت برداشت کرے گی،حجم 45 ارب روپے بنتاہے، اس وقت بڑی ترجیح محروم طبقے کا تحفظ یقینی بنانا ہے، پیٹرول 127 روپے،ڈیزل پر 252 روپے کا اضافہ روکنے کیلئے 69 ارب خرچ کر چکے ہیں۔ ۔
ان کا کہناتھا کہ قیمتوں میں اضافے کا بوجھ خود اُٹھا کر عوام کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے کہا تھا حکومت سے کفایت شعاری کا آغاز کریں گے، کفایت شعاری پالیسی نافذ العمل ہے، کفایت شعاری اقدامات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہا ہوں۔
شہبازشریف کا لبنان کے وزیراعظم سے رابطہ، عیدالفطر کی مبارکباد دی
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر لبنان کے وزیراعظم عزت مآب نواف سلام سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم سلام اور لبنان کے برادر عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم سلام نے ان جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت، جس کے نتیجے میں معصوم جانوں کا المناک نقصان ہوا، شہری زخم اور بے گھر ہوئے، کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ان مشکل حالات میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لبنان کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کشیدگی کے فوری خاتمے پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف کا مصر کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کےصدرعبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالفطر مبارکباد دی ، وزیراعظم کا پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم کا اظہار کیا ، وزیراعطم نے علاقائی و عالمی امور میں مصر کے تعمیری سفارتی کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں قیامِ امن کے لئے مصر کی نمایاں کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران اور خلیجی خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش اظہار کیا گیا ۔
کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کیلئےسفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس، فیلڈ مارشل عاصم منیرکی بھی شرکت
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا جس آرمی چیف ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں ملکی موجودہ ذخائر ، کھپت اور کارگوز پر بریفنگ دی گئی ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کوپوراکرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے،بروقت عملی اقدامات سےایندھن کے ذخائر کے حوالے سے انتظامات کئے جا سکے، خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے،صورتحال سے نمٹنے کیلئے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔
اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے،بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے سے عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔
حکومت نے عوام سے پٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی بھی اپیل، وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کے خطرے سے بچنا ضروری ہے،ہرممکن صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا ہو گا،بدلتے حالات کے مطابق طرز عمل اپنانا ہو گا۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پیٹرول بچانے کیلئے کار پولنگ اپنائی جائے،نقل وحرکت اجتماعی طور پر کی جائے،غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور تیل بچانے کیلئے آمدورفت کو محدود رکھا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کیلئے تیار رہیں۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ تمام صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہو سکے،سدباب کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
اجلاس میں آرمی چیف،چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی شرکت کی ۔ ان کے علاوہ اجلاس میں مشیرقومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم ملک،وزیراقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک ، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ،وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹرمصدق ملک، وزیرآئی ٹی شزا فاطمہ،وزیرمملکت خزانہ بلال اظہرکیانی اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی ۔
پاکستان کے ڈالر ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران10.5کروڑ ڈالر کا اضافہ
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پاکستان کے ڈالر ذخائر میں 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی ذخائر بڑھ کر 21 ارب 70 کروڑ 42 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی ذخائر میں اضافہ کمرشل بینکوں کے ڈالر ڈپازٹس بڑھنے کے باعث ہوا، جہاں بینکوں کے ذخائر 9 کروڑ 33 لاکھ ڈالر اضافے کے بعد 5 ارب 35 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔
مرکزی بینک کے ذخائر میں بھی سوا کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یہ 16 ارب 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔
شہباز شریف کا اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ٹیلیفونک رابطہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم شہباز شریف نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران وزیراعظم نے عیدالفطر کے موقع پر شاہ عبداللہ دوم اور اردن کے عوام کو مبارکباد دی ، شاہ عبداللہ دوم نے بھی شہبازشریف اور پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ میں امن اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا جبکہ گفتگو میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔ وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی اور حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اردن پر حملوں کی شدید مذمت کی ۔
شہبازشریف نے مشکل وقت میں پاکستان کا اردن کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا ، وزیراعظم نے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا ۔ شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم کے گزشتہ نومبر کے دورہ پاکستان کو یاد کیا۔
ٹیلفونک رابطے کے دوران پاکستان اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر رابطےمیں رہنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا دعویٰ مسترد کر دیا
پاکستان کےمیزائل پروگرام سے متعلق امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے رد عمل جاری کرتے ہوئے میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا دعویٰ مسترد کر دیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی حامل ہیں،اسٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ اور امن واستحکام کو برقرار رکھنا ہے،پاکستان کا میزائل پروگرام بین البرِاعظمی حد سے کہیں کم ہے،بھارت کے مقابلے میں قابلِ اعتماد کم ازکم دفاعی صلاحیت کے نظریئے پر مبنی ہے،بھارت کے زائد فاصلے تک مار کرنے والے میزائل خطے کیلئے باعثِ تشویش ہیں،پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام،عدم امتیاز اور تعمیری روابط کے فروغ کیلئے پر عزم ہے،پاکستان ایک متوازن اور محتاط طرزِ عمل اختیار کرنے پر زور دیتاہے۔












