امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیاہے اور کہا کہ پاکستان کے عظیم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دو شاندار شخصیات ہیں، آج کا دن پوری دنیا کے لیے ایک شاندار دن ہے، بہادری اور مدد کیلئے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتاہوں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور آمد و رفت کے لیے تیار ہے، ایران کے حوالے سے ناکہ بندی بدستور برقرار رہے گی، معاہدہ مکمل طور پر پایہ تکمیل تک پہنچنے تک ناکہ بندی رہے گی، یہ عمل بہت تیزی سے مکمل ہو جانا چاہیے، زیادہ تر نکات پہلے ہی طے ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ایٹمی مواد کو حاصل کرے گا، اس کے بدلے کسی بھی صورت میں کوئی رقم کا تبادلہ نہیں ہو گا، یہ معاہدہ کسی طور پر لبنان سے مشروط نہیں ہے، امریکا الگ سے لبنان کے ساتھ کام کرے گا ، حزب اللہ کے مسئلے سے مناسب انداز میں نمٹ لیں گے، اسرائیل اب لبنان پر بمباری نہیں کرے گا، امریکا نے اسرائیل کو روک دیا ہے، بہت ہوچکا اب اسرائیل پر پابندی عائد کردی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ آبنائے ہرمز کھلنے کے بعد مجھے نیٹو سے فون آیا، نیٹووالے مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ ہم کیا مدد کرسکتے ہیں، میں نے نیٹو سے کہا، آپ دور رہیں،ہاں تیل چاہیے تو بتا دیں، وہ کاغذی شیر ہیں، ضرورت کے وقت بالکل بے فائدہ ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہناتھا کہ ایران امریکا کی مدد سے تمام سمندری مائنزہٹا رہا ہے، کچھ ہٹا چکا ہے، بہادری اور مدد کیلئے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔




















