وزیراعظم شہباز شریف نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران وزیراعظم نے عیدالفطر کے موقع پر شاہ عبداللہ دوم اور اردن کے عوام کو مبارکباد دی ، شاہ عبداللہ دوم نے بھی شہبازشریف اور پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ میں امن اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا جبکہ گفتگو میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔ وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی اور حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اردن پر حملوں کی شدید مذمت کی ۔
شہبازشریف نے مشکل وقت میں پاکستان کا اردن کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا ، وزیراعظم نے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا ۔ شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم کے گزشتہ نومبر کے دورہ پاکستان کو یاد کیا۔
ٹیلفونک رابطے کے دوران پاکستان اور اردن کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر رابطےمیں رہنے کا فیصلہ کیا گیا ۔





















