وزیراعظم شہبازشریف اور ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے صدر، قیادت اور برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی، جس پر ترکمان صدر نے نہایت گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران باہمی دلچسپی کے شعبوں خصوصاً تجارت، توانائی، روابط اور علاقائی ترقی میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے جاری علاقائی اقدامات میں تعاون بڑھانے اور باہمی مفاد کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔





















