صدر مملکت اور وزیراعظم نے جدید ترین بحری جہاز پی این ایس خیبر کی پاک بحریہ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ نے معرکہ حق کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت پاک بحریہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تیاری میں مسلسل بہتری کا مظہر ہے۔ بدلتے ہوئے علاقائی تناظر میں مضبوط بحری قوت قومی خودمختاری کے تحفظ کا اہم ستون ہے۔ پاکستان اپنی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ میں جدید جنگی جہاز پی این ایس خیبر کی شمولیت کو باعث فخر قرار دیااور کہا اہم پیش رفت پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک سنگ میل ہے۔ پاکستان سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے بڑے بحری راستے گزرتے ہیں۔ مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت نے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ پاکستان اپنی خودمختاری اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔






















