پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے بعد ایک مستحکم حکومت بننی چاہیے۔
پیٹرن انچیف آئی پی پی جہانگیر ترین نے لودھراں میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے گھر کا پولنگ اسٹیشن ہے، اپنا ووٹ کاسٹ کرنے آیا ہوں، ووٹ ایک امانت اور طاقت ہے، ووٹ کو ضائع نہیں کرنا، سب لوگ گھروں سے نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔
لازمی پڑھیں۔ کس سیاسی رہنما نے کہاں ووٹ کاسٹ کیا؟ جانیے
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پولنگ کا عمل بہترین طریقے سے چل رہا ہے، میری کوشش ہے دونوں حلقوں سے جیتوں، جہاں جہاں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہیں انشاء اللہ سب جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم حکومت کو بننا چاہیے، پانچ سال کے لئے حکومت بنے تاکہ معیشت مستحکم ہوسکے، معشیت مستحکم ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا۔
لازمی پڑھیں ۔ خدا کے واسطے مخلوط حکومت کا نام نا لو، ایک جماعت کو مینڈیٹ ملنا چاہیے، نواز شریف
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے، دہشت گردی کا عمل ہمارے ملک سے ختم ہونا چائیے ، ہمارے جوانوں پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتا ہوں۔
اس موقع پر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ 8 فروری کے بعد کون سی حکومت بنے گی جس پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ 8 فروری گزرنے دیں ، سب سوالوں کا جواب دوں گا۔