ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فلیگ مارچ جاری ہیں۔ جن میں پولیس، پاک فوج، رینجرزاوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شریک ہیں۔
مشترکہ فلیگ مارچ میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں سمیت فرنٹیئر کور، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے منتظمین نے حصہ لیا، پاک فوج، رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر کراچی سمیت صوبہ سندھ کے دیگر شہروں میں فلیگ مارچ کیا۔
خیال رہے کہ پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے باہر کوئیک رسپانس فورس کے طور پر سکیورٹی کیلئے تعینات ہونگے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔
پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فیصل آباد میں بھی فلیگ مارچ کیا گیا، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی فلیگ مارچ کیا، پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جہلم میں بھی فلیگ مارچ کیا گیا۔
پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پنڈ دادن خان، تلہ گنگ، حب میں بھی فلیگ مارچ کیا گیا جو حب باب بلوچستان سے شروع ہو کر منڈرا چوک، بھوانی چوک، نظر چورنگی گزرتے ہوئے، حب سینٹر میں اختتام پذیر ہوا۔
پاک فوج اور دیگر سکیورٹی نافذ کرنے والے ادارے پرامن انعقاد کے حوالے سے پرعزم ہیں اور ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔