موجودہ سرحدی کشیدہ صورتحال اور ماہ صیام کےدوسرے جمعتہ المبارک پر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیاہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملکی اندرونی سرحدوں کی حفاظت کےپیش نظر دہشتگردوں، شرپسندوں،مشکوک افراد پر کڑی نظررکھیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کاہرجوان ملک وقوم کی حفاظت کیلئےاپنی بہادر افواج، سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔ آئی جی پنجاب نے مساجد،عبادت گاہوں،چیک پوسٹس،غیرملکی سفارتخانوں ،حساس مقامات وتنصیبات کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ،سول ڈیفنس،ریسکیو1122،سیکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں،ڈولفن اسکواڈ،پولیس رسپانس یونٹ،ایلیٹ ٹیمیں اہم مقامات کے گرد پٹرولنگ بڑھا دیں،خوارج پرکڑی نظررکھنے کے لئے سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔
ان کا کہناتھا کہ پنجاب پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سیکیورٹی،لا اینڈ آرڈر،امدادی سرگرمیاں یقینی بنائے گی،شہری من گھڑت افواہوں،غیرمصدقہ سوشل میڈیا پیغامات پر ہرگز دھیان مت دیں۔






















