جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم تعصب کی سیاست نہیں کرتے، اگر کوئی مغربی ایجنڈا لارہا ہے تو ہم اس کا راستہ روکیں گے۔
بنوں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 1970 سے بنوں کے لوگوں نے جمعیت کا ساتھ دیا ہے، یہاں کے لوگوں کا جے یو آئی کے لیے پیار وقت کے ساتھ بڑھا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کو 8 فروری کو ووٹ کے ذریعے شکست دیں گے، ملک میں امن ہوگا تو اللہ کریم ہم پر رزق کے دروازے کھول دے گا۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے تحفے میں ملی گھڑی کو فروخت کردیا، 29 لاکھ ڈالر اسرائیل سے لیے ، بھارت سے لاکھوں روپے فنڈ لیا، یہ میں نہیں کہہ رہا، آپ کی پارٹی کے لوگ کہہ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بنوں کے عوام کی جے یو آئی سے وابستگی مضبوط ہے، ملک کی خوشحالی امن سے وابسطہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان خوشخال ملک تھا ، بدامنی اور بیروزگاری نے تباہ کردیا، بدامنی پاکستان میں بھی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔