مسلم لیگ نواز کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے گھروں کو چلے گئے، نواز شریف نے اپنا مقدمہ ثاقب نثار پر نہیں اللہ پرچھوڑا تھا۔
نارووال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ ظفروال اور شکرگڑھ کے شیروں کو میرا سلام، نوازشریف کی بات یاد آرہی تھی کہ اتنا بڑا جلسہ ہے، نارووال آکر خوشی کی حد نہیں ہے، آپ کی وفاؤں کو سلام پیش کرتی ہوں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ احسن اقبال آپ کو خدمت کی سزاملی ہے ، آپ نے بازو پر گولی بھی کھائی، احسن اقبال کوتکلیف پہنچانے والے کہاں پہنچ گئے ، نواز شریف کے ساتھ کیا کیا ظلم نہیں کیا گیا لیکن ان کے خلاف سازش کرنے والے گھروں کو چلے گئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج شیروں کی طرح نوازشریف کھڑا ہے ، ظلم والے ایک ایک کر کے انجام کوپہنچ گئے، یہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں ، انہوں نے جھوٹھے الزام لگائے لیکن ہم سب سرخرو ہوئے، ان پر لگے الزام سچ ثابت ہوئے ، کل عمران خان اور آج اس کی بیوی کوسزا ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھ پربھی الزامات لگائے گئے لیکن وہ جھوٹے تھے جبکہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ سے ہیروں کے سیٹ اور گھڑیاں لے کر بیچنے کا الزام تھا اور یہ الزامات سچ ثابت ہوگئے، قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے، کیا ان کو اس لئے چھوڑ دیا جائے کہ یہ وزیر اعظم کی بیوی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جیل کاٹی جہاں مجھے والد سے ملنے کی اجازت نہیں تھی ، انہوں نے مجھے والد کے سامنے گرفتار کرایا، نوازشریف نے کہا باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی، نواز شریف نے اپنا مقدمہ ثاقب نثار پر نہیں اللہ پرچھوڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف فیصلے کی خبر چلی کہ مقدمہ بڑی جلدی میں کیا گیا ہے، 2 سال سے تو تماشہ ہم دیکھ رہے ہیں، یہ لوگ تو ڈنڈوں سے پولیس کی ہڈیاں توڑتے تھے، جب جیل جانے کا موقع آیا تو کبھی پلاسٹر تو کبھی وہیل چییئر پر بیٹھ جاتے تھے، جب نوازشریف کی طرح دامن صاف ہو تو سینہ تان کر پیش ہوتا ہے، میں بھی سزائے موت کی چکی میں رہی ،روئی پیٹی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن کی محبت میں میری جان بھی جاتی ہے توجائے، مکافات عمل کے شکار چاروں طرف نظر آتے ہیں ، یہ فتنہ تھا اسے پاکستان تباہ کرنے کیلئے لایا گیا، مار دو مرجاو ٔتباہ کردو ، یہ سب کچھ کرنے آئے تھے، نواز شریف کے ساتھی آہنی دیوار کی طرح کھڑے رہے، کوئی پریس کانفرنس نہیں ہوئی کہ ہم نوازشریف کے ساتھ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے ہم ظفروال اور شکرگڑھ کو ترقی دلائیں گے، کامیاب ہو کر ریلوے سیکشن کو ہم بحال کرائیں گے، نوجوانوں سے وعدہ ہے کہ کامیاب کرائیں کوئی بے روزگار نہیں رہے گا، 8 فروری کو صرف ایک آواز آنی چاہئے شیر اور شیر کی دھاڑ سنائی دے گی۔