پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ میں نے کور ڈرائیو کے لئے بڑی محنت کی ہے اور اب کسی حد تک ماہر ہوگیا ہوں۔
بنگلہ دیش میں کرکٹ ویب سائٹ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سابق کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ( بی پی ایل ) کے دوران یہاں کی کنڈیشنز میں سپنرز کو کھیلنے کا تجربہ مل رہا ہے، یہاں کوالٹی سپنرز ہیں اور وکٹیں آسان نہیں ہیں۔
انٹرویو کے دوران بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پارٹنر شپ کے لیے وکٹ پر ٹھہر کر کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں جہاں کھڑا ہوں اس سے مطمئن نہیں ہوں ابھی اور بھی منازل طے کرنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں نوجوانوں کا آنا خوش آئند ہے لیکن تجربہ بھی ضروری ہوتا ہے کیونکہ تجربہ کار کھلاڑی جانتا ہے کہ دباؤ میں کیسے صورتحال کنٹرول کرنی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب میری کارکردگی بہتر نہیں ہوتی تو بہت سے لوگوں سے بات کرتا ہوں اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔