نگران وزیر توانائی محمد علی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں وفاقی حکومت توانائی سیکٹر کو نجی شعبے کے حوالے کردے گی۔
اسلام آباد کے پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں آئل ایکسپو میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک توانائی کی ضروریات پورے کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔
وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ گھریلو صارفین اور صنعتوں کو سستی توانائی کی ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ ممالک لوڈ شیڈنگ کی فکر سے آزاد ہوچکے ہیں۔ دنیا اب گرین انرجی پر کام کر رہی ہے جدید دور میں انرجی سیکٹر میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وسائل کے باوجود پاکستان میں توانائی کی قلت ہے ورلڈ بینک کے مطابق 25 فیصد گھرانوں کو بجلی دستیاب نہیں پاکستان 85 فیصد تیل درامد کرتا ہے امپورٹ کم کرنے کیلئے مقامی پیداوار بڑھانا ھوگئی۔
انہوں نے کہا کہ آنے والا دور الیکٹرک وہیکل کا ہے۔ ہمارے پاس ایسے منرلز موجود ہیں جو الیکٹرک وہیکل کے لیے استعمال ہوں گے۔