کوہستان میں خواتین کی انتخابی مہم کیخلاف فتوے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوٹس لے لیا۔ ڈی آر اوز سے رپورٹ طلب کرلی، واضح کیا کہ ایسی کوشش پر قانون کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے علاقے کوہستان میں خواتین کی انتخابی مہم سے متعلق فتوے کا نوٹس لیا۔
ترجمان ای سی پی کا کہنا ہے کہ ڈی آر او کوہستان اپر سے رپورٹ طلب کرلی گئی، ڈی آر او نے رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ ایسی اطلاعات درست نہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تنبیہہ کی ہے کہ اگر خواتین کو انتخابی عمل سے روکنے کی کوشش کی گئی تو الیکشن ایکٹ کی دفعہ 9 کے تحت ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کریں گے۔
ترجمان ای سی پی نے مزید کہا ہے کہ ایسے اقدام پر حلقے میں انتخابات کا عمل کالعدم بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ مقامی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ضلع بالائی کوہستان کے علاقے میں علماء کے اجلاس کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ خواتین کا گھر گھر جاکر ووٹ مانگنا شریعت کیخلاف ہے۔
رپورٹ کے مطابق خواتین کی انتخابی مہم کیخلاف فتویٰ 30 مذہبی اسکالرز نے جاری کیا تھا۔