سابق وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ گیس ہے نہ بجلی، ملک میں بحرانوں کا ذمہ دار وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان پر کلہاڑا مارا، یہ سب تبدیلی کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کو اتنا اچھا بنائیں گے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا، مہنگائی سے چھٹکارا ملے گا۔ ن لیگی قائد نے بورے والا کو ضلع بنانے اور ایئرپورٹ کا تحفہ دینے کا اعلان بھی کردیا۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے بورے والا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتنے سالوں کے بعد آج مل رہے ہیں؟، آپ کو اتنے سال نہیں ملا میں زیادہ اداس ہوگیا تھا، پھر آپ کے سامنے کھڑا ہوں، آج اتنا ہی خوش ہوں، سمجھتا ہوں بہت کچھ بدل گیا ہے، وہ وقت یاد کرو جب میں وزیراعظم تھا اور آج کا وقت دیکھو، وہ وقت یاد آتا ہے جب روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، آج روٹی 25 روپے کی ملتی ہے، یہ ہے تبدیلی۔
ان کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ تو ہم نے ختم کردی تھی، بجلی سستی کردی تھی، اس وقت جو بجلی کا ماہانہ بل 500 آتا تھا، آج 20 ہزار کا آتا ہے، دیکھو پاکستان کا کیا حال کردیا، نہ بجلی ہے، نہ گیس، آٹا مہنگا، چینی مہنگی، دالیں مہنگی، سبزی مہنگی ہے، نواز شریف کے دور میں 10 روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی خدمتیں اس قوم نے یاد رکھی ہوئی ہیں، مسلم لیگ ن آئے گی اور اس مہنگائی کو مٹائے گی، ن لیگ بجلی سستی کرے گی، روٹی اور چینی بھی سستی کریں گے، گیس گھر گھر ملے گی۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ روزگار تک نہیں ہے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر حکومت ختم نہ کی جاتی تو کوئی شخص بیروزگار نہ ہوتا، ہر شخص کے پاس روزگار ہوتا، ہر گھر خوشحال ہوتا، آج تو پاکستان سے بیروزگاری ختم ہوجانی چاہئے تھی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ بحرانوں کا ذمہ دار وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان پر کلہاڑا مارا، پاکستان کو اتنا اچھا بنائیں گے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا، ہماری حکومت آئی تو مہنگائی سے چھٹکارا ملے گا، پاکستان کو مہنگائی، بیروزگاری سے پھر واپس لائیں گے۔
نواز شریف نے بوریوالا کو ضلع بنانے اور ایئرپورٹ کا تحفہ دینے کا اعلان کردیا۔ ساتھ ہی کہا کہ نواز شریف کی حکومت آئی تو ایک موٹر وے بورے والا سے بھی گزرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں یوریا 1200 روپے کا تھا، آج یوریا 5 ہزار روپے کا ہے، یہ ہے تبدیلی کا نتیجہ، ہمارے دور میں ڈی اے پی کا ریٹ 2400 روپے تھا، آج 14 ہزار اور 15 ہزار روپے ہے، یہ ہے تبدیلی کا نتیجہ، نواز شریف کے دور میں ٹریکٹر 9 لاکھ کا تھا جو آج 38 لاکھ روپے کا ملتا ہے، یہ پاکستان کو انہوں نے کہاں پہنچادیا، آپ کی مدد سے پھر پاکستان کو واپس لائیں گے۔