نگران وزیرتجارت گوہراعجاز کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار ماہ میں ملکی برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
وزیرتجارت وصنعت گوہر اعجاز نے اسلام آبادمیں یو ایس ایڈ کے زیراہتمام سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کےموضوع پرتقریب سےخطاب کرتےہوئےکہا کہ امریکی ادارہ ترقی پاکستان میں تجارت وسرمایہ کاری میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
نگران وزیرتجارت نےکہاکہ خلیجی ریاستوں افریقہ اورچین کےساتھ تجارت کوکھولا جا رہا ہے،ایک سال میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔اگر اسی رفتارکو برقرار رکھیں تو ایک سال میں برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔
وزیرتجارت نےکہاکہ دسمبر 2023 میں 37 کروڑ 40 لاکھ ڈالرکا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا ہے،برآمدات میں اضافہ اور درآمدات کم ہو رہی ہیں، جولائی سے دسمبر تک برآمدات میں 70 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
ملک میں 25 بڑی کمپنیوں کی برآمدات دس ارب ڈالرہیں جبکہ 20 ارب ڈالرز کی برآمدات سو بڑی کمپنیوں سے آرہی ہیں۔،غیرروایتی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تقریب سےیو ایس اے آئی ڈی کی مشن ڈائریکٹرکیٹ سوم وونگسری نےکہا کہ پاکستانی اقتصادی ترقی کو فروغ دینےمیں امریکہ کا عزم غیرمتزلزل ہے۔مشن ڈائریکٹر نےکہاکہ سرمایہ کاری اورموسمیاتی سربراہی اجلاس پاکستان میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینےکی کوششوں میں امریکہ کے غیرمتزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پریو ایس ایڈ، آئی پی اے اور تین پاکستانی کمپنیوں کے درمیان ایم او یو پردستخط کیئے گئے،معائدے کے تحت اگلے نوماہ سے ایک سال کے دوران بین الاقوامی سرمایہ کاری کی مد میں پانچ کروڑ تیس لاکھ ڈالرز اکھٹے کیئے جائیں گے۔