عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر کے منیجر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلے خود اُن سے پی ایس ایل کے سیزن 9 کے ترانے کیلئے رابطہ کیا اور پھر بعد میں معذرت کرلی۔
گلوکار علی ظفر کے منیجر نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خود علی ظفر سے رابطہ کرکے اُنہیں پی ایس ایل 9 کا ترانہ تیار کرنے کا کہا تھا۔
علی ظفر کے منیجر کے مطابق گلوکار 2 ماہ سے ترانے کی تیاری کر رہے تھے، اُنہوں نے اپنے ذاتی اخراجات پر میوزک پروڈیوسرز اور موسیقاروں کی خدمات حاصل کرنے کے بعد پی سی بی کے سامنے پی ایس ایل 9 کے ترانے کیلئے تین مختلف ورژن پیش رکھے۔
اُنہوں نے کہا کہ علی ظفر ان تینوں ورژنز کو حتمی شکل دینے کیلئے کام کررہے تھے کہ پی سی بی نے گلوکار سے کہا کہ وہ پی ایس ایل 9 کے ترانے کیلئے اُن کے ساتھ مزید کام نہیں کرسکتے۔
منیجر کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ کو پی ایس ایل کی کسی ایک فرنچائز کی جانب سے تحفظات کا سامنا تھا، جس کے باعث اُنہوں نے علی ظفر کو ترانے کے پراجیکٹ سے باہر کردیا۔
یاد رہے کہ علی ظفر نے پاکستان سُپر لیگ کے پہلے 3 سیزن کے ترانے گائے جو عوام میں بے حد مقبول ہوئے تھے، اس سیزن میں بھی شائقین گلوکار کی آواز میں ہی ترانہ سُننے کے خواہشمند تھے۔
پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہوگا، پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔