الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے پنجاب کے ضلع سرگودھا کے حلقہ این اے 83 اور 85 میں انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیئے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سرگودھا کے دو حلقوں میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کی سماعت کی جس کے دوران مسلم لیگ ن کے امیدوار ذوالفقار بھٹی نے بتایا کہ انہیں آر او کا نوٹس ملا کہ حلقہ میں ایک امیدوار فوت ہو گیا ہے۔
ذوالفقار بھٹی نے بتایا کہ وفات پانے والے امیدوار کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ 15 جنوری کا ہے، تحقیقات پر علم ہوا کہ صادق علی کی وفات دو جنوری جبکہ جنازہ تین جنوری کو ہوا، دونوں حلقوں میں انتخابات ملتوی کروانے کیلئے سازش کی گئی ہے۔
سیکرٹری یونین کونسل نے بتایا کہ ہم نے نمبردار کی تصدیق اور بیٹے کی درخواست پر ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کیا جبکہ نمبردار نے کہا میرے جعلی دستخط کئے گئے ہیں۔
سماعت کے دوران مداخلت پر چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری یونین کونسل کی سرزنش کردی اور کہا ایک تو غلط کام اور اس پر بحث بھی کرتے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دونوں حلقوں میں انتخابات آٹھ فروری کو ہی ہوں گے۔
سکندر سلطان راجہ نے سیکرٹری یونین کونسل کے خلاف ڈی سی سرگودھا کو کارروائی کی ہدایت بھی کر دی۔