پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے پی ایس ایل کے نویں سیزن کے وینیو پر غور کیلئے اجلاس طلب کر لیا۔پی سی بی کے پچیس ستمبر کو ہونے والے اہم اجلاس میں ممکنہ طور پر یواے ای کو وینیو بنانے پرغور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی متوقع الیکشن اور مقامی انتظامی اخراجات کی وجہ سے پی ایس ایل کا سیز ن 9دبئی کرانے کا سوچ رہا ہے جبکہ فرنچائز پی ایس ایل کے وینیو کی تبدیلی کے حق میں نہیں ۔
باخبرذرائع کے مطابق فرنچائز آنرز پی ایس ایل کے معاملات سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے نالاں ہیں ، پی ایس ایل 8 کا حساب کتاب بھی نہ دینے پر فرنچائز ناخوش ہیں ۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل ہیڈ کی تقرری کیلئے پی ایس ایل مالکان سے صلاح مشورہ نہیں کیا گیا ، پی ایس ایل کی ونڈو فروری مارچ میں ہے تاریخوں کے لیے فرنچائزز سے رابطہ نہیں کیا گیا ۔
لاہور :ایمریٹس اور ساؤتھ افریقہ کی لیگز کی وجہ سے پی ایس ایل فرنچائز مشکلات کا شکار ہیں ، اورغیر ملکی کرکٹرز کی دوسری لیگز کے ساتھ رجسٹریشن کی وجہ سے فرنچائز پریشان ہیں ۔
فرنچائزمالکان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو بہت مشکل سے پاکستان لائے اب دوبارہ باہر لیجانا نقصان دہ ہو گا، پی ایس ایل کے بڑے بڑے معاہدے ہونے ہیں جو کہ ایک چیلنج ہے ، چیلنجز سے نمٹنے کے معاملات کو سست روی سے چلایا جا رہا ہے جو پریشان کن ہے ۔