نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولی میں اضافے تک ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔ حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات یقینی بنا رہی ہے اس لیے ٹیکس کا نظام ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد ایوانِ تجارت و صنعت کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم انوارالحق نے کہا کہ اسمگلنگ کے روک تھام کےلیے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے گزشتہ 48 کے دوران کریک ڈاؤن کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، اسمگلنگ کی روک تھام کا ہمسایہ ممالک کے حکام نے خیر مقدم کیا ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آپکی تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہوں قابل عمل تجاویزپرعملدرآمد کی یقین دہانی کرواتا ہوں، کاروباری برادری ملکی معیشت کی ترقی میں کردارادا کرنےکےساتھ روزگارمواقع فراہم کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کریں گے، بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کاروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزارت کامرس ملک بھر کے چیمبرز سے باقاعدگی سے تجاویز و مشاورت کو یقینی بنائے، ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے۔ مزید کہا کہ ایف،بی،آر پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حوالے سے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سی ڈی اے نظام میں بہتری لائی جائے کاروباری برادری کو مشاورتی عمل کا حصہ بنایا جائے، سی ڈی اے شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات اور لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرے۔