سابق وفاقی وزیر یار محمد رند این اے 254 سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے الیکشن لڑنا مشکل بنادیا گیا ہے، جمہوریت کو زندہ رکھنا ہے، اس میں اپنے مفادات کی قربانی دینی پڑتی ہے۔
بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 254 سبی سے آزاد امیدوار سردار یار محمد رند نے جے یو آئی امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
سردار یار محمد رند نے کہا کہ کل تک این اے 254 پر الیکشن لڑنے کا ارادہ تھا، آج قومی اسمبلی کے حلقے سے دستبردار ہورہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے لئے الیکشن لڑنا ناممکن بنادیا گیا ہے، ہم نے ہر صورت میں جمہوریت کی روح کو زندہ رکھنا ہے، جمہوریت میں اپنے مفادات کی قربانی دینی پڑتی ہے۔
واضح رہے کہ این اے 254 سے جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے میر نظام لہڑی الیکشن لڑ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ یار محمد رند پاکستان تحریک انصاف کے دور میں وزیراعظم کے معاون خصوصی بھی رہ چکے ہیں۔