الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کی تفصیلات جاری کردیں، مجموعی طور پر 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 4 خواجہ سرا اور سیکڑوں خواتین بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو عام انتخابات 2024ء کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کی تفصیلات جاری کردیں، قومی اسمبلی کے 266 حلقوں پر سیاسی جماعتوں کے 1780 مرد اور 93 خواتین امیدوار میدان میں ہیں جبکہ جنرل نشستوں پر 3 ہزار 27 آزاد امیدوار مرد امیدوار، 219 خواتین اور 2 خواجہ سرا بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 5121 امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے، ان امیدواروں میں 4806 مرد، 312 خواتین اور 2 خواجہ سرا شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کیلئے 6710، سندھ اسمبلی کیلئے 2878 امیدوار میدان میں ہوں گے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں 2 خواجہ سراؤں سمیت 1834 امیدواروں میں دنگل سجے گا، بلوچستان اسمبلی کیلئے ایک ہزار 273 امیدوار عام انتخابات کیلئے میدان میں اترے ہیں۔
ای سی پی کی جاری تفصیلات کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیوں کیلئے مجموعی طور پر 12 ہزار 695 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 17 ہزار 816 امیدوار مدمقابل ہونگے۔