صدر مملکت آصف علی زرداری اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خليفة کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ صدر مملکت نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
منامہ میں صدر آصف علی زرداری کی بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خليفة سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور مثبت سمت میں فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
صدر مملکت کی قصر القضیبیہ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہیں بحرین کا اعلیٰ ترین ایوارڈ وسام الشيخ عيسى بن سلمان آل خليفة من الدرجة الأولى عطا کیا گیا، جو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ اور گرانقدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، زراعت، آئی ٹی، صحت، سیاحت اور انفراسٹرکچر میں مشترکہ منصوبوں پر زور دیا گیا۔صدر زرداری نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور بحرین میں مقیم ایک لاکھ 16 ہزار پاکستانیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی و علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا، اتحاد اور تحمل پر زور دیا اور اقوامِ متحدہ سمیت عالمی فورمز پر قریبی رابطے کے لیے اتفاق کیا۔ملاقات کے بعد صدر زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔






















