لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور زلفی بخاری کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے انکے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف دائر درخواستیں مسترد کردیں ۔
عدالت عالیہ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی ۔ لیگی رہنما بلال یاسین نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے این اے 130 لاہور سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کیخلاف درخواست دائر کی تھی ۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ الیکشن ٹربیونل نے حقائق کے برعکس یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی منظور کیے ۔ عدالت یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے حکم جاری کرے ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کی روشنی میں بلال یاسین کی درخواست خارج کردی۔
یاد رہے کہ عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، پرویز الہی، شیخ رشید، عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار، حبا فواد سمیت دیگر رہنماؤں کےفیصلے محفوظ کررکھے ہیں ۔