محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز تک پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہنے کی پیشگوئی کردی، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہا، سب سے کم درجہ حرارت لیہ منفی 8، اسکردو منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کالام اور گلگت میں منفی 5 جبکہ ہنزہ اور استور میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے شدید دھند یا اسموگ کی لپیٹ میں رہے جبکہ آئندہ 2 روز کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد اور ابر آلود رہا، اگلے تین روز کے دوران اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، صبح اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر دھند رہے گی۔
میٹ آفس کے مطابق منگل سے بدھ کے دوران گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے تاہم کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں موسم شدید سرد رہے گا، جمعرات کو بھی بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، شدید دھند کی وجہ سے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔