پاکستان کرکٹ کے معروف سپورٹر صوفی عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ نے رواں سال ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں صوفی عبدالجلیل نے کہا کہ وہ پاکستان ٹیم کی سپورٹ کرتے ہوئے 500 میچز کا ہدف حاصل کرچکے ہیں۔
چاچا کرکٹ کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ فلاحی کاموں میں حصہ لینا چاہتے ہیں جبکہ ایک میوزیم بنانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں جہاں کرکٹ سے جڑی یادگار اشیا نمائش کیلئے رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے سب کچھ کھیل اور ملک سے محبت کی خاطر کیا اور کرکٹ میں پاکستان کا سفیر بن کر خوشیاں بانٹنا ان کا مشن رہا۔
صوفی عبدالجلیل کے مطابق جاوید میانداد کا تاریخی چھکا اور ICC Champions Trophy 2017 میں پاکستان کی کامیابی ان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات ہیں۔





















