مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نےملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں کامیابی کی صورت میں ملکی معیشت کی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے منصوبوں کو حتمی شکل دیدی۔
قائد ن لیگ اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کا معاشی ماہرین کیساتھ اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں صدرمسلم لیگ ن شہباز شریف بھی شریک تھے، اس دوران ملکی معاشی مسائل کے حل کیلئےاصلاحات اور مختلف تجاویز ،اور شرح ترقی میں اضافے، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے بحران کا خاتمہ پر غور کیا گیا۔
معاشی ماہرین کیساتھ اہم مشاورتی اجلاس میں نو از شریف نے بجلی اورگیس کی قیمتوں میں کمی ، فراہمی روزگار اورنوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے پالیسیکےنکات طے کرلئے جبکہ زراعت، صنعت، آئی ٹی کی ترقی کے مراعات پر مبنی پیکیج تیار کرلئے گئے۔
اجلاس میں ان منصبوں کے تحت زرعی مقاصد کیلئے خصوصی رعایت پر شمسی توانائی سسٹم فراہم کیاجائیگا، جبکہ گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات کا تعین بھی پیکیج میں شامل ہے۔
نواز شریف نے معاشی ماہرین کیساتھ تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کیلئے بڑے منصوبوں کی ترجیحات بھی طے کرلی ہیں جبکہ شرح سود میں کمی لانے، بڑی صنعتوں اور برآمدی شعبے کیلئے اصلاحات کےاصول بھی مرتب کر لئے گئے ہیں۔